کتاب: محدث شمارہ 298 - صفحہ 23
دار الافتاء مولانا مفتی حافظ ثناء اللہ خاں مدنی
شیخ الحدیث جامعہ لاہور الاسلامیہ
زنا سے حرمت کا ثبوت؟ طلاق کے بعض مسائل
برتن میں پھونک مارنا؟ کونسے تعویذ شرک ہیں ؟
کیا سجدۂ عبادت اور سجدۂ تعظیمی کے حکم میں کوئی فرق ہے؟
مندرجہ ذیل مسائل میں قرآن و حدیث اور فہم سلف کے مطابق آپکی رہنمائی مطلوب ہے :
1. سجدہ لغیرﷲکو ہمارے ہاں بالاتفاق حرام سمجھا جاتا ہے لیکن بعض لوگ ’سجدۂ تعظیمی‘ اور ’سجدۂ عبادت‘ میں فرق کرتے ہیں ۔ اوّل الذکر کو حرام اور ثانی الذکر کو شرک وکفر اور مُخرج عن الملۃ قرار ٭دیتے ہیں ۔ کیا ان کا یہ موقف کتاب و سنت اور فہم سلف کے مطابق ہے؟ نیز کیااس میں فاعل کی نیت اور اعتقاد کا کوئی دخل ہے یا نہیں ؟
2. کیا تعظیمی سجدہ، تعظیمی رکوع، تعظیمی قیام، تعظیمی قعود، تعظیمی طواف، یہ سب شرک ہیں یا صرف تعظیمی سجدہ ہی شرک ہے؟ اور کیا مندرجہ بالامظاہر عبودیت زندہ و مردہ (یعنی قبر والوں اور حکام و اساتذہ یا قومی ترانے وغیرہ) کے لئے یکساں حکم رکھتے ہیں ، یا ان میں کوئی فرق ہے ؟
3. اگر یہ شرک ہے تو شرک کس درجے کا؟ اس کا مرتکب خارج عن الملۃ ہے یا نہیں ؟ اس کا ذبیحہ کھانا اور اس سے رشتہ کرنا کیسا ہے؟
نوٹ:علمائے سلف میں سے مذکورہ بالا پہلوؤں پر جن علماے کرام نے جس پہلو پر بھی گفتگو کی ہو، براہِ کرم اس کا حوالہ بھی درج کردیجئے۔ جزاکم اللہ
(ابوعبدالرب عبدالقدوس سلفی، اسلام آباد)
_____________
٭ دیکھئے : أشرف الحواشي از مولانا محمد عبدہ رحمۃ اللہ علیہ : صفحہ۸، درسِ بخاری از حافظ محمد گوندلوی رحمۃ اللہ علیہ : صفحہ۴۰۳،۴۰۴ اور أحکام ومسائل از حافظ عبدالمنان نورپوری: صفحہ ۶۹