کتاب: محدث شمارہ 294 - صفحہ 2
کتاب: محدث شمارہ 294 مصنف: حافظ عبد الرحمن مدنی پبلیشر: مجلس التحقیق الاسلامی لاہور ترجمہ: فکر و نظر اَلَمْ يَأنِ لِلَّذِيْنَ آمَنُوْا اَنْ تَخْشَعَ قُلُوْبُھُمْ لِذِكر اللّٰهِ كيا الله كی طرف پلٹنے كا وقت ابھی تک نہیں آیا؟ ۸/ اکتوبر کی صبح پاکستان کے شمالی علاقہ جات اور آزاد کشمیر میں زلزلہ آیا کہ لمحوں میں قیامت بپا ہو گئی اور ہنستے بستے شہر ویرانوں میں تبدیل ہو گئے۔ ان چند لمحوں میں زمین کی غیر متوازن حرکت سے اہل زمین کا وہ نظام زمین بوس ہو گیا جس پر آج کا ترقی یافتہ انسان بڑا فخر کرتا ہے۔ اس کے بعد زلزلوں کا ایک سلسلہ ہے جو تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ ماہرین نے یہ بھی پیشین گوئی کی ہے کہ یہ امر بعید از قیاس نہیں کہ یہ زلزلے ایک بڑے زلزلے کا پیش خیمہ ہوں جبکہ کچھ ماہرین کے مطابق یہ حالیہ زلزلے اس لحاظ سے خوش آئند ہیں کہ ان کی وجہ سے ایک بڑا زلزلہ آنے کا امکان کم ہوتا جا رہا ہے!! جہاں زلزلوں کے بعد پوری قوم نے مل کر اپنے آفت زدہ بھائیوں کے لئے اپنائیت، محبت اور اسلامی اُخوت کے جذبے سر سرشار ہو کر خدمت کی شاندار مثال قائم کی اور مال و دولت کے منہ کھول دیئے، وہاں اس زلزلے نے ہمارے لئے بہت سے سبق بھی چھوڑ دیئے۔ عربی مقولہ السعید من وُعظ بغیرہ کے مصداق ہمیں اس سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے اور اس بات پر غور کرنا چاہئے کہ ان آفات کے پس پردہ ہماری کیا کوتاہیاں کار فرما ہیں؟ اس قیامت کی گھڑی میں جس امر کی کمی سب سے زیادہ محسوس ہوئی، وہ اپنے رب کی طرف رجوع اور اس سے مغفرت و استغفار کی کوشش، بحیثیتِ قوم اپنے گناہوں کی طرف نظر اور اللہ کو راضی کرنے کی مساعی ۔۔۔ لیکن ان کی طرف لوگوں کی توجہ کم، کم ہی نظر آئی!! قرآن کریم میں معصیت کار انسانوں سے اللہ تعالیٰ نے یہی شکوہ کیا ہے: ﴿ فَلَوْ لَا إذْ جَاءَھُمْ بَاسُنَا تَضَرَّعُوْا وَلٰكِنْ قَسَتْ قُلُوْبُھُمْ وَزَيَّنَ لَھُمُ