کتاب: ماہنامہ شمارہ 293 - صفحہ 17
تدوین قرآن شیخ الحدیث حافظ ثناء اللہ مدنی مرتب: ملک کامران طاہر قرآءات متواترہ کی حجیت حمد و ثناء کے بعد۔ اللہ تعالیٰ نے دنیا میں انبیاء و رسل کو مبوث کرتے ہوئے بعض کو صحائف اور بعض کو کتابوں کی شکل میں ہایات دے کر بھیجا۔ معروف کتابیں جن کا ذِکر قرآن میں موجود ہے، مندرجہ ذیل ہیں: 1. تورات: اللہ عالیٰ نے حضرت موسیٰ علیہ السلام پر نازل فرمائی۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ﴿ إنَّا أَنْزَلْنَا التَّوْرَاةَ فِيْھَا ھُدًي وَّنُوْرٌ﴾(المائدة:۴۴) ’’ہم نے تورات نازل کی جس میں ہدایت اور روشنی تھی۔‘‘ لیکن یہ ایک ایسی کتاب تھی جس کی حفاظت کا ذمہ اللہ تعالیٰ نے خود نہیں لیا بلکہ قومِ موسیٰ کے سپرد کر دیا کہ تم نے خود اس کی حفاظت کرنا ہے۔ توراۃ اصل میں اسفارِ خمسہ: سفر تکوین، سفر خروج، سفر لاویین، سفر أعداد اور سفر الثنية کا مجموعہ ہے۔ یہ کتاب اپنی اصل پر قائم نہ رہ سکی۔ ہر زمانہ کے لوگوں نے اس میں ردّ و بدل کیا۔ اس کی اندرونی شہادتیں بھی اس امر کی غماز ہیں کہ یہ محرف شدہ ہے کیونکہ اس میں حضرت موسیٰ علیہ السلام کی وفات کا وصف موجود ہے اور کوئی عاقل انسان یہ نہیں کہہ سکتا ہے کہ موسیٰ علیہ السلام نے اپنی وفات کا حال خود ہی تحریر کر دیا ہو یا آپ نے اپنی موت کا مشاہدہ ہی کیا ہو۔ اس کے علاوہ متعدد دلائل اس کے محرف ہونے پر دلالت کرتے ہیں۔ 2. انجیل: یہ کتاب حضرت عیسیٰ علیہ السلام پر نازل ہوئی تھی لیکن کسی مؤرخ نے آج تک یہ نہیں لکھا کہ یہ کتاب کس شکل میں تھی؟ حضرت عیسیٰ اس کی دعوت زبانی / کلامی دیتے تھے۔ قرآن میں ہے: ﴿ وَلَاُحِلَّ لَكُمْ بَعْضَ الَّذِيْ حُرِّمَ عَلَيْكُمْ﴾ (آل عمران: ۵۰) ’’اور میں اس لئے آیا ہوں کہ تمہار لئے بعض ان چیزوں کو حلال کر دوں جو تم پر حرام کر دی گئیں ہیں۔‘‘