کتاب: محدث شمارہ 292 - صفحہ 52
اُنہوں نے ان تمام علماے کرام اور پروفیسر حضرات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنا قیمت ی وقت نکال کر شرکاے ورکشاپ کو اپنے علم سے مستفید کیا۔اُنہوں نے جمعیہ احیاء التراث الاسلامی جس کی طرف سے یہ ورکشاپ منعقد کی جارہی تھی، کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ کویت کے اس ادارہ کانام سلفی تنظیموں میں سر فہرست ہے اوراس کی سرگرمیوں کا دائرہ بہت وسیع ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ماہانہ اور ہفتہ وار مختلف دروس کا اہتمام،سیٹلائٹ کے ذریعے سعودیہ کے کبار علما کے براہ راست دروس ،مکتبہ طالب العلم کے ساتوں حصوں کی ہزاروں کی تعداد میں تقسیم،غیر ملکی اور خصوصاً اُردو دان طبقہ کے لیے ہفتہ وار 36 دروس ،یہ اس ادارہ کی اندرونِ کویت سرگرمیاں ہیں۔ نیز پوری دنیا میں مدارس اور مساجد کی تعمیر، سلفی دعوت کا اہتمام کرنے والے دعاة کی کفالت، موٴسسة الفرقان الخیریہ پشاور کے تحت تحفیظ القرآن کے 70 حلقات کا قیام اور ان طلبہ حفظ ِقرآن کی کفالت، یہ اس ادارہ کی بیرونِ کویت سر گرمیاں ہیں۔ اُنہوں نے بتایا کہ ادارہ کا تیسرا کارنامہ مختلف زبانوں میں ترجمہ القرآن کی طباعت ہے اور ادارھ کا چوتھا کام دنیا بھر میں اس طرح کی تربیتی ورکشاپس کا انعقاد ہے۔آخر میں جہاں اُنہوں نے ادارہ کے مسوٴلین کی خدمات کو سراہا، وہاں اپنے استاد حافظ عبد الرحمن مدنی کے کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے ورکشاپ کے انعقاد میں اپنی خدمات پیش کیں۔ ٭ ورکشاپ کے شرکا کے لئے مختلف تحائف اور انعامات کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ مکتب الدعوة اسلام آباد، مکتبہ دار السلام لاہور، لجنة الدعاة گوجرانوالہ اور ادارۂ محدث کے علاوہ اُردو ڈائجسٹ لاہور کی طرف سے دینی کتب، قرآنِ کریم اور رسائل وجرائد کے تازہ شماروں کے تحائف کے بنڈل بنائے گئے تھے۔ جس کے ساتھ ہر داعی کو ایک خوبصورت بیگ کا تحفہ بھی دیا گیا۔امتحان، مقابلہ معلومات میں پوزیشنیں حاصل کرنے اورپروگرام میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 14 دعاة کو خصوصی انعامات دیے گئے اورسب شرکا کو اسناد عطا کی گئیں۔ جامعہ لاہور الاسلامیہ کے 20 سے زائد اساتذہ اس پروگرام کی تنظیم میں مصروف تھے۔ ان میں سے بہترین انتظامی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 7 اساتذہ کو بھی خصوصی انعام عطا کیا گیا۔ اور اس کے ساتھ ہی یہ علمی، فکری، تربیتی اور ہر لحاظ سے نہایت خوبصورت ورکشاپ دعا کے ساتھ تکمیل پذیر ہوئی۔