کتاب: محدث شمارہ 292 - صفحہ 4
رپورٹ سیمینار
’دہشت گردی اور اسلام ‘
23/جولائی 2005 کو ہمدرد سنٹر لاہورمیں جامعہ لاہور الاسلامیہ کے زیر اہتمام چیئرمین سینٹ آف پاکستان جناب محمد میاں سومرو کی زیر صدارت مذکورہ موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں تمام مکاتب ِفکر کے نمائندہ علماے کرام شریک ہوئے۔ صبح 10بجے سیمینار کا باقاعدہ آغاز قاری حمزہ مدنی کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا اورسٹیج سیکرٹری کے فرائض ’بیت الحکمت‘ کے ڈائریکٹر پروفیسر عبد الجبار شاکر نے انجام دیے۔
لندن میں چند روز قبل ہونے والے بم دھماکوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر مختلف مکاتب ِفکر کے اظہارِ خیال کے لئے یہ سیمینار منعقد کیا گیا تھا جس میں جماعت ِاسلامی پاکستان کے ممتاز رہنما حافظ محمد ادریس، تحریک ِحرمت قرآن پاکستان کے سربراہ انجینئر سلیم اللہ خاں،ادارۂ علوم اثریہ فیصل آباد کے رئیس مولانا ارشاد الحق اثری، تنظیم المدارس پاکستان کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر محمد سر فراز نعیمی، وفاق المدارس السلفیہ پاکستان کے ناظم امتحانات مولانا محمد اعظم تحریک المجاہدین کے ڈاکٹر محمد راشد رندھاوا، بیت الحکمت کے ڈائریکٹر پروفیسر عبد الجبار شاکر جمعیة احیاء التراث الاسلامی کے نمائندہ حافظ اسحق زاہد، جامعہ میں گذشتہ سال منعقد ہونے والی ورکشاپ کے ناظم ڈاکٹر حافظ محمد انور، ممتاز صحافی جناب عطاء الرحمن، نثار احمد ایڈووکیٹ، پروفیسر مزمل احسن شیخ، مولانا عبد الرشید خلیق، مدیر ماہنامہ محدث حافظ حسن مدنی، جامعہ لاہور الاسلامیہ میں كلية الشريعةکے پرنسپل مولانا رمضان سلفی، مولانا محمد شفیق مدنی، مولانا عبدالقوی لقمان، پروفیسر خالد حمید قریشی، مکتبہ قدوسیہ کے ڈائریکٹر عمرفاروق قدوسی، الاعتصام کے مدیر حافظ عبد الوحید اور پنجاب یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر عبد اللہ کے علاوہ جامعہ لاہور الاسلامیہ کے تمام اساتذہ اور جمعیة احیاء التراث الاسلامی کے 160 دعاة نے شرکت کی۔