کتاب: محدث شمارہ 292 - صفحہ 3
کے ساتھ لفظ بہ لفظ بھی شائع کر دیا گیا ہے۔ جامعہ لاہور الاسلامیہ کے زیر اہتمام ان تینوں پروگراموں میں ممتاز دینی قیادت کو ہی مدعو کیا گیا تھا اور موضوعات کے انتخاب میں بھی اس امر کو بطورِ خاص ملحوظ رکھا گیا ہے کہ روایتی موضوعات کے بجائے شرکاء ورکشاپ کو اہم فکری لوازمہ میسر آسکے۔ ان مضامین سے قارئین کو یہ اندازہ بھی ہوگا کہ دینی طبقات کی دلچسپی اور اہمیت کے موضوعات کون سے ہیں اور ان کی قیادت اہم علمی، فکری، دعوتی اور واقعاتی ایشوز کے بارے میں کیا رائے رکھتی ہے۔ اس شمارے میں تینوں پروگراموں کے بارے میں تین مستقل مضامین شائع کئے جارہے ہیں اور بطورِ نمونہ ایک خطاب مکمل طورپر بھی شائع کردیا گیا ہے جس کا موضوع ’مکالمہ اور مباحثہ کے آداب‘ ہے۔ علاوہ ازیں مدیر الجامعہ حافظ عبد الرحمن مدنی حفظہ اللہ کا خطبہ استقبالیہ بھی مکمل طورپر شائع کیا جارہا ہے جس میں جامعہ کی اہم علمی سرگرمیوں کے علاوہ دیگر متعلقہ اداروں کا مختصر تعارف بھی شامل ہے۔ زیر نظر پروگراموں کی رپورٹنگ ادارۂ محدث کے رفیق جناب محمد اسلم صدیق نے کی ہے جسے مدیر ’محدث‘ کی اصلاح و نظر ثانی کے ساتھ شائع کیا جارہا ہے۔ ان رپورٹوں کے باوجود جن احباب کی علمی تشنگی برقرار رہے، وہ ان تینوں پروگراموں کی سی ڈیاں بھی ادارۂ محدث سے حاصل کرسکتے ہیں جس میں تمام ضروری دستاویزات، وثائق، فارم، امتحانات، اخبارت میں شائع ہونے والی خبریں اور انتظامی تفصیلات کے ساتھ ساتہ تمام خطابات کی مکمل ریکارڈنگ بھی محفوظ کر دی گئی ہے۔ یہ سی ڈیاں ادارہ محدث کے شعبہٴ کمپیوٹر نے تیار کی ہیں۔ اگر ہمارے معزز قارئین دینی مدارس کے اس کردار سے متفق ہیں اور اسلام ومسلم اُمہ کے لئے ان کی خدمات کو وقعت کی نظر سے دیکھتے ہیں تو اُنہیں اپنی زبان و قلم، دل وجان اور مال و وسائل سے اس جہاد میں ان کے ساتھ قدم بہ قدم شریک ہونا چاہئے، بالخصوص ان حالات میں جب ان دینی اداروں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لئے عالمی قوتیں یکجا ہو چکی ہیں اور اسلام کی اصل تصویر کو مسخ کرنے کے لئے اُنہوں نے قابل افراد کی زیر نگرانی مال ودولت کے منہ کھول دیے ہیں اور باضابطہ طور پر کئی اداروں کو اس کام پر مامور کردیا ہے۔ رمضان المبارک میں اپنی زکوٰة وصدقات میں بھی اسلام کی خدمت میں مصروفِ کار ان اداروں کو بطورِ خاص یاد رکھنے کی گذارش ہے۔ (ادارہ ’محدث‘)