کتاب: محدث شمارہ 292 - صفحہ 2
کتاب: محدث شمارہ 292
مصنف: حافظ عبد الرحمن مدنی
پبلیشر: مجلس التحقیق الاسلامی لاہور
ترجمہ:
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
فکرونظر
دینی مدارس کا ماحول !
’دینی مدارس کا کردار‘ ان دنوں بطورِ خاص ہدفِ تنقید ہے اور میڈیا نے لگاتار اُنہیں مہمل،بیکار اور معاشرے کا عضو ِمعطل قرار دینے کی پالیسی اپنا رکھی ہے۔ جبکہ دوسری طرف انہی دینی مدارس کو ملک کی سب سے بڑی این جی او اوراسلام کے قلعے قرار دینے کے علاوہ جدید مغربی تہذیب وفلسفہ کا سب سے بڑا مخالف بھی قرار دیا جاتا ہے۔ دینی مدارس کا موجودہ معاشرے میں کیا کردار ہے اور ان کے شب وروز کس نوعیت کی سرگرمیوں میں گزرتے ہیں؟ اس کی نشاندہی ’محدث‘ سے وابستہ جامعہ لاہور الاسلامیہ کے معمولات پر ایک نظر ڈالنے سے بخوبی ہوجاتی ہے کہ ان مدارسِ دینیہ میں تعمیر و تخریب کا تناسب کیا ہے ؟
مدارس پر دہشت گردی،علم مخالف رویوں، قدامت پسندی، حالاتِ حاضرہ سے عدم دلچسپی اور فرقہ واریت کے فروغ کے حوالے سے جو الزامات لگائے جاتے ہیں، جامعہ ہذا کی روز مرہ سرگرمیوں سے اس صورتِ حال کا اندازہ بھی بآسانی لگایا جاسکتا ہے۔
لاہور کی دوسری بڑی دینی درسگاہ جامعہ لاہور الاسلامیہ میں گذشتہ ماہ دو ورکشاپوں کا انعقاد عمل میں آیاجس میں سے ہفتہ بھر کی ایک ورکشاپ میں پاکستان کے چاروں صوبوں سے 2صد کے لگ بھگ علماے کرام نے شرکت کی جبکہ دوسری ورکشاپ میں لاہور کے تمام دینی مدارس کے منتظمین کو ’نظم ونسق اور شخصی وادارہ جاتی نشوونما‘کے موضوع پر لیکچرز دیے گئے۔
ان ورکشاپوں سے چند روز قبل 7 جولائی کو لندن بم دھماکوں کا سانحہ بھی پیش آچکا تھا لہٰذا اس اہم حادثہ پر اظہارِ خیال اور دینی جماعتوں کے نقطہ نظر کی ترجمانی کے لئے جامعہ نے ’اسلام اور دہشت گردی‘کے موضوع پر ایک بین الجماعتی سیمینار بھی انہی دنوں منعقد کیا۔
محدث کا زیر نظر شمارہ ان ورکشاپوں میں پیش کردہ اہل علم ودانش کے بیش قیمت افکار ونظریات کے لئے مختص ہے۔ یہ مضامین صرف رپورٹیں ہی نہیں بلکہ اس میں اہم خطابات کے جملہ مفید نکات کا خلاصہ بھی پیش کردیا گیا ہے حتیٰ کہ بعض قیمتی خطابات کو ضروری اصلاح