کتاب: محدث شمارہ 292 - صفحہ 17
انسٹیٹیوٹ‘ صبح و شام مصروف عمل ہیں جہاں خواتین وحضرات کو اسلامی تعلیمات سے روشناس کرانے کے لئے بی اے کے بعد ایک سالہ کورس کروایا جاتا ہے۔ گرمیوں کی تعطیلات میں سمرکیمپس اور رمضان المبارک میں لاہور کے 100 کے لگ بھگ سکولوں میں بنیادی اسلامی تعلیمات پر مبنی مختصر کورسز کرائے جاتے ہیں۔ گھریلو خواتین کے لئے لاہور میں 45 سے زائد مراکز میں قرآنِ کریم کے ترجمہ وتفسیر کے حلقے کام کررہے ہیں۔ ٭ اسلامک ویلفیئر ٹرسٹ کے کاموں میں تحقیقی نوعیت کی سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔ تحقیق کسی بھی کام میں بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ بالخصوص دورِ حاضر میں اسلام کو علمی وفکری میدانوں میں جو چیلنجز درپیش ہیں، ان کا سامنا کرتے ہوئے ٹرسٹ کے ذیلی ادارے ’اسلامک ریسرچ کونسل‘ (مجلس ال تحقیق الاسلامی)کی زیر نگرانی محققین کی ایک جماعت کئی اہم پروجیکٹس کی تکمیل میں مصروف ہے۔ اس تحقیقی ادارے سے تین ممتاز لائبریاں منسلک ہیں : ٭ لاہور میں مصادرِ اسلامیہ کی سب سے بڑی لائبریری ماڈل ٹاؤن میں المكتبۃ الرحمانیۃ کے نام سے موجود ہے۔ یہ لائبریری کمپیوٹرائزڈ ہے جسے عنقریب انٹرنیٹ سے آن لائن کیا جارہاہے۔ اِن شاء اللھ ٭ کونسل کے زیر اہتمام پاکستان بھر میں جرائد ورسائل کا سب سے بڑا مرکز قائم کیا گیا ہے، جس میں برصغیر کے گذشتہ ڈیڑھ سو برس کے 900 سے زائد اہم اصلاحی اور علمی جرائد ومجلات کے تمام شمارے محفوظ کئے گئے ہیں جبکہ نادر مجلات کو سی ڈیز پر بھی منتقل کیا جارہا ہے۔ ان میں سے خصوصی اہمیت کے حامل مجلات کے موضوعاتی Indexesتیار کئے جاتے ہیں۔ ٭ ٹرسٹ کے زیر اہتمام پاکستان بھر میں اسلامک سافٹ ویئر کی سب سے بڑی ڈیجیٹل لائبریری بھی قائم کی گئی ہے جس میں 20 ہزار اسلامی کتب آن لائن مطالعہ کی جاسکتی ہیں۔ ٭ ٹرسٹ کی زیر نگرانی یہی ’اسلامک ریسرچ کونسل ‘ عرصہ 35 برس سے پاکستان کا وقیع علمی ماہنامہ ’محدث‘ کے نام سے اُردو زبان میں شائع کرتی ہے۔ یہ ماہنامہ اعلیٰ پایہ کے تحقیقی مقالات کے علاوہ حالاتِ حاضرہ پر اسلامی رہنمائی، جدید مسائل پر شرعی نقطہ نظر اور عالمی ایشوزپر متوازن موقف کے سبب علمی حلقوں میں غیر معمولی پذیرائی کا حامل ہے۔