کتاب: محدث شمارہ 292 - صفحہ 15
علم و تحقیق سے آراستہ کرنا اسلامک ویلفیئر ٹرسٹ کا ہمیشہ سے طرۂ امتیاز رہا ہے۔ آج وقت کے اہم ترین موضوع ’دہشت گردی اور اسلام ‘ پر جس بین الجماعتی سیمینار میں ہم سب جمع ہیں، یہ سیمینار جہاں مختلف دینی تنظیموں کے ممتاز قائدین پر مشتمل ہے، وہاں اسی سیمینار کے ذریعے ہم اسلامک ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایک جامع ورکشاپ کے آغاز کی سعادت بھی حاصل کررہے ہیں۔ جامعة لاہور الاسلامية میں حالیہ ہفت روزہ ورکشاپ کا موضوع ’دورِ حاضر میں دعوت اسلام کو درپیش چیلنج‘ تجویز کیا گیا ہے۔جس میں ملک بھر سے مایہ ناز اہل ِفکر ودانش دورِ حاضر کے اہم موضوعات پر اپنے قیمت ی خیالات سے شرکا کو مستفید کریں گے۔ کویت کے اہم ادارے سے وابستہ 160 حضرات اس ورکشاپ کے شرکا ہیں جو سابقہ ورکشاپوں کی طرح ممتاز حیثیت کے حامل ہیں۔پاکستان بھر میں سماجی اور علمی خدمات انجام دینے والے یہ حضرات اسلامی معاشرے کی قیادت کے حامل ہیں جن کے ذریعے پاکستانی عوام تک اسلام کا معتدل فہم اور حالاتِ حاضرہ کا درست شعور پہنچایا جاسکتا ہے۔
اس ورکشاپ میں جہاں اہم نوعیت کے موضوعات پر مسلم دانشور اپنے قیمت ی تجربات سے اُنہیں مستفید کریں گے، وہاں بعض اہم موضوعات پر مباحثے اور سیمیناربھی اس ورکشاپ کی زینت بنیں گے، اسی دوران لاہور کے علمی اور نشریاتی مراکز سے بھی اُنہیں متعارف کرایا جائیگا۔
٭ ہفتہ بھر کی اس اہم ورکشاپ کے آخر میں آئندہ جمعرات کو جامعة لاہورالإسلامیة میں ہی دینی مدارس کے منتظمین اور سینئر اساتذہ کے لئے ایک مزید ورکشاپ کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے۔دینی مدارس کو اپنے دائرۂ اثرمیں وسعت اور کارکردگی میں استحکام لانے کے لئے جدید علوم سے مزین کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، اس لئے اس ورکشاپ کا موضوع ’شخصیت کا ارتقا اور اداروں کا استحکام‘ تجویز کیا گیا ہے۔اس ورکشاپ میں لاہور کے جملہ مکاتب ِفکر کے دینی مدارس سے منتخب اساتذہ اور منتظمین کو شریک کیا جارہا ہے۔ اس اہم نوعیت کی ورکشاپ میں اسلامک ویلفیئر ٹرسٹ کے ساتھ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی دعوة اکیڈمی اور اسلام آباد کی انسٹیٹیوٹ آف پالیسی سٹڈیز شریک ِکار ہیں۔
اُمید ہے کہ اس نوعیت کی ورکشاپوں کے لگاتار انعقاد کے بعد دینی مدارس کو اپنی استعداد میں اضافے اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی عمدہ صلاحیتیں بہم پہنچیں گی۔