کتاب: محدث شمارہ 286 - صفحہ 172
اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ! میں اُن سے اس وقت تک لڑوں جب تک وہ ہمارے جیسے نہ ہوجائیں ؟ آپ نے فرمایا: سکون و اطمینان سے جاوٴ اور جب ان کے میدان میں پہنچو تو اُنہیں اسلام قبول کرنے کی دعوت دو اور انہیں اللہ کے اس حق کی خبر دو جو اس نے ان پر واجب کیا ہے! اللہ کی قسم! اگر اللہ تیرے ذریعے کسی ایک آدمی کو بھی ہدایت دے دے تو یہ تیرے لئے سرخ اونٹوں (کے مالِ غنیمت) سے بہتر ہے۔ (بخاری29427) اہل السنہ کے ائمہ دین کی روایت کردہ اس حدیث میں امیرالمومنین کی فضیلت اور منقبت آفتابِ نیم روز سے بھی زیادہ آشکارا ہے، کیونکہ اس میں اس بات کی شہادت کا ذکر ہے کہ وہ اللہ اور اس کے پیارے رسول سے محبت کرتے ہیں اور اللہ اور اس کا پیارا رسول ان سے محبت کرتے ہیں ۔ علاوہ ازیں اُنہوں نے بیسیوں احادیث اور بھی روایت کی ہیں ،لیکن ہم نے اختصار کی غرض سے فضائل و مناقب کے گلستان سے فقط ایک پھول پیش کیا ہے۔ دوم: سیدہ فاطمہ زہرا رضی اللہ عنہا امام اہل السنہ حضرت محمد بن اسمٰعیل بخاری رحمۃ اللہ علیہ اپنی صحیح میں حضرت فاطمہ زہرا رضی اللہ عنہا کی فضیلت میں ’بابِ مناقب فاطمہ رضی اللہ عنہا ‘ قائم کرکے حضرت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث روایت کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: (فاطمة سيدة نساء أهل الجنة) ” فاطمہ رضی اللہ عنہا جنتی عورتوں کی سردار ہے۔“ (بخاری:کتاب المناقب، باب مناقب فاطمھ) سوم: سیدنا حسن رضی اللہ عنہ اور سیدنا حسین رضی اللہ عنہ اہل السنہ کے امام محمد بن عیسیٰ ترمذی رحمۃ اللہ علیہ رحمہ اللہ تعالیٰ اپنی جامع صحیح میں حضرت برا بن عازب رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ حضرت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت حسن اور حسین کو دیکھ کر فرمایا: (اللهم إنى أحبهما فأحبهما) (بخاری:3747) ”اے اللہ میں ان دونوں سے محبت کرتا ہوں لہٰذا تو بھی ان دونوں سے محبت فرما۔“ ٭ اسی طرح امام اہل السنہ احمد بن حنبل رحمۃ اللہ علیہ اپنی مسند میں حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ حضرت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (الحسن والحسين سيدا شباب أهل الجنة) (سنن ترمذی:3701، حسن ،صحیح)