کتاب: محدث شمارہ 286 - صفحہ 151
ایمان و عقائد مولانا عبدالرحمن کیلانی رحمۃ اللہ علیہ ٭ مفسر تيسير القرآن کیا آغا خانی مسلمان ہیں ؟ … حصہ اول … اس حصہ میں ایسے عقائدونظریات کا ذکر ہے جن میں کم از کم نام کی حد تک تمام مسلمانوں اور اسماعیلیوں میں اشتراک موجود ہے : الف : اركانِ اسلام (1) کلمہ شہادت اسلام میں داخل ہونے کے لئے کلمہ شہادت کا زبان سے اقرار کرنا ضروری ہے۔ اس کلمہ کے دو اجزا ہیں یعنی أشهد أن لا إله إلا الله اور أشهد أن محمدًا رّسول الله اور اگر کوئی مسلمان بھی ان دونوں اجزا یا دونوں میں سے کسی کا زبانی یا معنوی طور پر انکار کردے، یا اس سے ایسے اعمال سرزد ہوں جن سے اس کلمہ کے کسی جزو کی تردید ہوتی ہو تو وہ شخص دائرۂ اسلام سے خارج سمجھاجائے گا۔ قادیانیوں نے اس کلمہ کے دوسرے جزو کا معنوی طور پر انکار کیا۔ یعنی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت کو تاقیامت واجب الاتباع تسلیم کرتے ہوئے ایک اور ’نبی کی نبوت‘ کو تسلیم کرلیا تو پاکستان کی عدالت ِعالیہ نے اس فرقہ کو 1975ء میں غیر مسلم قرار دے دیا تھا۔ تمام اہل سنت کے برعکس آغا خانی (اسماعیلیہ) فرقہ کے کلمہ شہادت کے اجزا دو نہیں بلکہ تین ہیں : أشهد أن لا إله الله وأشهد أن محمد رسول الله وأشهد أن أمير الموٴمنين علي الله[1]