کتاب: محدث شمارہ 284 - صفحہ 140
کے کاموں کی پہچان کروائی جائے۔ سچائی، صفائی، وقت کی پابندی، محبت، ہمدردی اور ایثار کا سبق دیا جائے۔ افرادِ خانہ کے ساتھ مروّت سے پیش آنے کا عملی درس والدین اپنے روزمرہ معمولات سے ان کو مہیا کریں ۔ پھر طہارت و پاکیزگی کے احکام، وضو کا طریقہ، نماز اور روزے کی ادائیگی، حلال و حرام کے ابتدائی حدود، والدین، رشتہ داروں اور ہمسایوں کے حقوق، شائستہ لباس کے انداز اور معاشرتی زندگی کی پسندیدہ عادات و اطوار ان کو اس طرح ذہن نشین کروائے جائیں کہ وہ اس ابتدائی تعلیم و تدریس کی بنا پر ستھری اور پاکیزہ اسلامی زندگی بسر کرسکیں ۔ اس ابتدائی تعلیم کی بیشتر بنیاد گھر میں ہی رکھی جاتی ہے کہ ماں کی گود معصوم بچے کا اوّلین مدرسہ ہے۔ وہی اپنے گھر کی عملی مثالوں سے بچے کو کفروشرک ، گمراہ کن عقائد اور فضول رسوم ورواج سے بچانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ بعدازاں طالبات کے لئے ثانوی تعلیم اس طر ح کی ہونی چاہئے جس میں عربی زبان کی تدریس لازمی ہو تاکہ قرآن پاک کا ترجمہ و تفسیر سمجھنا اور ان کے لئے ممکن ہوسکے۔ وہ اپنے پیارے نبی کی احادیث کو پڑھ سکیں تاکہ اس سے ان کے عقائد اور اخلاق میں نکھار پیدا ہو۔ انہیں صالحین کے کردار سے آشنائی ہو ۔ اللہ تعالیٰ کی نافرمانی اور رسولوں کی عدمِ اطاعت کے نقصانات سے وہ واقف ہوسکیں حیا کے زیور سے آراستہ کیا جائے۔ عفت و پاکدامنی اور ستر وحجاب کے حدود سے ان کو آگاہ کیا جائے۔ کم ا زکم وہ دین کے بنیادی مسائل اس حد تک سیکھ لیں کہ صحیح اسلامی زندگی گزار سکیں ، پھر ان کو انبیا کرام کی تاریخ پڑھائی جائے اپنے اسلاف کی تاریخ سے آگاہی دی جائے۔ عہد ِنبوی اور خلفاے راشدین رضی اللہ عنہم کی تاریخ سے واقفیت ہو تاکہ بچے کے دل پر یہ نقش گہرا پختہ اور مضبوط ہوجائے کہ صرف نیک اور صالح لوگ ہی دنیا میں تعمیر اور ترقی کا کام سرانجام دے سکتے ہیں اور بنی نوع انسان کی خدمت کرسکتے ہیں جبکہ ظالم اور جابر لوگ تو ہمیشہ دنیا میں فساد اور تباہی و بربادی کا باعث ہی بنتے رہے ہیں ۔ یہ بات بھی ان کے ذہنوں میں راسخ کردی جائے کہ صرف اسلام ہی ان کی فلاح کاضامن ہے۔ خواتین کے لئے الگ نصابِ تعلیم خواتین کیلئے ایسی تعلیم لازمی٭ ہے جوبچوں کی پرورش، تربیت اور سیرت سازی میں معاون ثابت ہوسکے۔ لہٰذا اسکو وہ اُمور ضرور سیکھنے چاہئیں جو ساری عمر گھر میں انجام دینے ہیں مثلاً: (1) خانہ داری: میسر وسائل میں غذائیت سے بھرپور کھانا تیار کرنا۔