کتاب: ماہنامہ شماره 283 - صفحہ 96
جامعہ لاہور الاسلامیہ ( رحمانیہ ) کی’ تربیتی ورکشاپ 2004ء ‘
جامعہ میں گذشتہ ماہ ہونے والی تربیتی ورکشاپ کو مختلف حلقوں میں غیر معمولی پسندیدگی کی نظر سے دیکھاگیا۔بالخصوص محدث میں اس کی تفصیلی رپورٹ کی اشاعت کے بعد اندرون وبیرونِ ملک سے اس بارے میں بہت سے تعریفی مراسلے موصول ہوئے۔
ورکشاپ میں لیکچرز کے موضوعات، اہم شخصیات، شرکت کرنے والے اداروں کی وسعت اور معیاری انتظامات وپروگرام نے سب کو متاثر کیا۔
٭ ۱۶/ستمبر ۲۰۰۴ء کی شام سعودی عرب کے دار الحکومت ریاض سے مولانا ڈاکٹرلقمان سلفی (صاحب تفسیر تیسیر الرحمن اور رئیس جامعہ شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمۃ اللہ علیہ ، ہند ) نے فون پر محدث کے مدیر اعلیٰ حافظ عبد الرحمن مدنی کو مبارکباد دی اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے اس ورکشاپ کو دیگر تعلیمی اداروں کے لئے ایک روشن مثال قرار دیتے ہوئے ان اداروں کا فیض زیادہ سے زیادہ پھیلنے کی دعا کی۔ ادارہ ان کے ان نیک اور محبت بھرے جذبات خیرمقدم کرتے ہوئے ان کی اس حوصلہ افزائی پر شکرگزار ہے۔
٭ ۱۹۷۰ء میں ماہنامہ محدث کا آغاز کرنے والوں میں محترم مدیر اعلیٰ کے ہمراہ شیخ الحدیث حافظ ثناء اللہ مدنی اور مولانا عبدالسلام کیلانی بھی شامل تھے۔مولانا کیلانی کئی سال سے یوگنڈا میں دعوتی سرگرمیوں میں مصروف ہیں ۔ اس رپورٹ کی اشاعت کے بعد موصوف نے دو ، تین مبارکبادی فون کئے۔ اُنہوں نے ادارے کی ان کاوشوں کو مخلص لوگوں کی محنت اور بعض خیرخواہوں کی دعا کی نتیجہ قرار دیتے ہوئے مدیر اعلیٰ کی جدوجہد کی از حد تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارے واقعتا جماعت ِاہل حدیث کا طرۂ امتیاز اور دیگر دینی اداروں کے لئے روشن مثال ہیں ۔ اللہ تعالیٰ انہیں حاسدوں کی نظربد سے بچائے۔ مزید برآں فیکس کے ذریعے انہوں نے اپنے نیک خیالات ارسال بھی کئے۔
٭ ورکشاپ کے بارے میں تعلیمی اداروں کے اساتذہ اور اہل علم حضرات کے بھی تعریفی مراسلے موصول ہوئے ہیں ، ادارہ ان تمام لوگوں کی قدر افزائی پر ان کا شکرگزار ہے۔
٭ رپورٹ کی اشاعت کے بعد بہت سی فاضل شخصیات اور اداروں نے ورکشاپ میں انہیں نمائندگی نہ دینے پر شکایت کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ انہیں اس ورکشاپ کا اس رپورٹ کے بعد ہی علم ہوا ہے۔ ادارہ ایسے تمام خیرخواہوں سے معذرت خواہ ہے جنہیں وقت کی کمی سے اس بار موقع نہیں دیا جا سکا۔ (ادارۂ محدث ومنتظمین جامعہ )