کتاب: ماہنامہ شماره 283 - صفحہ 93
(3) ہفت روزہ كورس اسلامک انسٹیٹیوٹ رمضان المبارک میں ہفت روزہ کورس کا انعقاد کرتا ہے۔ یہ کورس بنیادی طور پر سکول و کالج کی طالبات کے لئے ترتیب دیا گیا ہے جو آسان انداز میں دین کا جامع تصور سکھاتا ہے۔ اس کو رس کے ذریعے طالبات کو بنیادی اسلامی معلومات سے آگاہ کیا جاتا ہے۔ سکول کی انتظامیہ بھی نیکی کے جذبے کے تحت ہی اس کورس کو منعقد کرنے کی اجازت دیتی ہے۔ اس کورس کا آغاز رمضان المبارک1996ء سے کیا گیاجس کا باقاعدہ نصاب تیار کرکے شائع بھی کرایا جاتا ہے۔ یہ نصاب خالصتاً قرآن و حدیث پر مشتمل ہے۔ قرآن کے نصاب میں عقیدۂ توحید، رمضان المبارک، موٴمنین کی صفات، حلال و حرام، خواتین کے مسائل، عقیدۂ آخرت وغیرہ کے موضوعات شامل ہیں ۔اسی طرح احادیث ِنبوی کا ایک جامع انتخاب ’ارشادات رحمتہ للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم ‘ کے نام سے جمع کیا گیا ہے۔ ہر سبق کے لئے معروضی انداز کے پرچہ جات تیار کرکے سبق کے اختتام پر شرکا کو دیے جاتے ہیں ۔ اس امتحان میں کامیاب ہونے والے کو سر ٹیفکیٹ عطا کئے جاتے ہیں ۔ اس کورس کے لئے بھی اساتذہ کو خصوصی ٹریننگ دی جاتی ہے۔ آغاز میں یہ کورس 5 روزہ تھا جو ابتدائی طور پر65مقامات پر کروایا گیا، گذشتہ سالوں میں یہ تعداد 70 سکولوں تک بھی پہنچتی رہی ہے۔ یہ کورس ہشتم تا دہم کی طالبات کوکروایا جاتا ہے۔ ہفت روزہ کورس کرانے کی ذمہ داری انسٹیٹیوٹ سے فارغ التحصیل طالبات کو سونپی جاتی ہے جس کو وہ بخوشی قبول کرتے ہوئے احسن طریقے سے انجام دینے کی کوشش کرتی ہیں تاکہ جس دین نے ان کی رہنمائی کی، اسی دین سے یہ دوسروں کی رہنمائی کریں ۔اس کورس سے مجموعی طور پر ہزاروں طالبات فیض یاب ہوچکی ہیں ۔ کورس کی اسناد تقسیم کرنے کے لئے ہر سال پرنس ہال، لاہور میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں طالبات اپنے تاثرات اور خیالات پیش کرتی ہیں جس کا لب ِلباب یہ ہوتا ہے کہ اتنی دنیوی تعلیم حاصل کرنے کے باوجود اس مختصر کورس نے انہیں احساس دلایا کہ وہ دین کے بارے میں کچھ نہیں جانتیں اور اس مختصر کورس نے ان کا رشتہ دین سے جوڑ دیا ہے