کتاب: ماہنامہ شماره 283 - صفحہ 83
(5) اسلامک انسٹیٹیوٹ میں چوتھے فہم قرآن کورس کی تکمیل اسلامک ویلفیئرٹرسٹ کے زیر اہتمام دینی علوم کے ماہرین تیار کرنے والے ادارے جامعہ لاہور الاسلامیہ کے علاوہ عوام الناس کو مختصر دینی کورسز بھی کروائے جاتے ہیں ۔ یہ کورسز سال، 6ماہ اور 2،4 ماہ کے دورانیہ پر مختلف مقاصد ونصاب کے ساتھ اسلامک انسٹیٹیوٹ میں منعقد ہوتے ہیں ۔یہ ادارہ لاہور میں 4 مختلف مقامات پر خواتین کے لئے عرصہ 15 سال سے کام کررہا ہے، جس میں اس سال کی ابتدا سے مردوں کے شعبہ کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔ اس ادارہ کا مرکزی دفتر کلمہ چوک فیروز پور روڈ کے ساتھ164/ علی بلاک میں سرگرمی سے کام کررہا ہے، جس میں مردانہ شعبہ کے انچارج حافظ انس مدنی (فاضل مدینہ یونیورسٹی) ہیں ۔ یہ پروگرام گذشتہ دنوں اسلامک انسٹیٹیوٹ کی مرکزی عمارت میں منعقد ہوا، حافظ حمزہ مدنی صاحب کی تلاوت سے پروگرام کا آغاز ہوا اور فہم قرآن کورس مکمل کرنے والی کلاس کے طالب علم محمد وقاص صاحب نے نظم پڑھی۔ اس کے بعد سٹیج سیکرٹری مرزا عمران حیدر نے مدعو مہمانانِ گرامی رئیس جامعہ لاہور الاسلامیہ حافظ عبدالرحمن مدنی، مہمانِ خصوصی حافظ عبدالوحید صاحب، پروفیسر ڈاکٹر مزمل احسن شیخ ، مولانا عبدالسلام فتح پوری ، قاری محمد ابراہیم میر محمدی، حافظ حسن مدنی اور دیگر مہمانوں کا تعارف کروایا۔ ٭ سب سے پہلے فہم قرآن کورس مکمل کرنے والے نمائندہ طلبہ نے فہم قرآن کی اس مختصر کلاس کے بارے میں اپنے تاثرات بیان کئے۔ بھائی محمد عثمان نے تعلیم قرآن اور علومِ دینیہ کے حصول کی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے معاشرہ کا دنیاوی علوم میں غیرمعمولی توجہ دینا اور علومِ دین سے بے اعتنائی کا شکوہ کیا۔ انہوں نے فہم قرآن کے ایسے کورسوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس سے ہم اس قابل ہوگئے ہیں کہ قرآنِ کریم کو صحیح تلفظ سے پڑھ سکیں ، اس کے معانی کو سمجھ سکیں او راپنی نمازوں کو صحیح اور پابندی کے ساتھ پڑھ سکیں ۔ ٭ اس کے بعد محمد عاصم ، محمد طاہر ، مقبول اصغر صاحب نے عربی زبان اور قرآن کو سیکھنے کی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے قرآن سے روگردانی کو اُمت کے زوال کا سب سے بڑا سبب قرار دیا اور خواہش کی کہ ان مختصر کورسوں سے فارغ ہونے والے طلبا کے لئے دو تین سال کا ایک کورس بھی ادارہ کو متعارف کروانا چاہئے۔