کتاب: ماہنامہ شماره 283 - صفحہ 14
٭ جس نے رمضان کے روزے ایمان کے ساتھ اور ثواب کی نیت سے رکھے، اس کے گذشتہ گناہ معاف کر دیے جاتے ہیں ۔(بخاری ؛1901) ٭ جب رمضان آتا ہے تو جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں ۔(بخاری ؛1898) ایک روایت میں ہے کہ جب رمضان کا مہینہ آتا ہے تو آسمان کے تمام دروازے کھول دیے جاتے ہیں ،جہنم کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں اور شیاطین کو زنجیروں میں جکڑ دیا جاتا ہے ۔ (بخاری ؛1899) ٭ روزہ دار کے منہ کی بو اللہ تعالیٰ کے نزدیک مشک کی خوشبو سے بھی زیادہ پاکیزہ ہے۔ روزہ دار کو دو خوشیاں حاصل ہوں گی:(ایک تو جب) وہ افطار کرتا ہے تو خوش ہوتا ہے اور (دوسرے )جب وہ اپنے ربّ سے ملاقات کرے گاتو اپنے روزے کا ثواب حاصل کرکے خوش ہوگا۔ (بخاری ؛1904) ٭ روزہ قیامت کے دن مومن بندے کی سفارش کرے گا ۔(صحیح الترغیب ؛984) ٭ رمضان میں عمرہ کا ثواب حج کے برابر ہو جاتا ہے ۔(مسلم :1256) ٭ روزہ دار کی دعا قبول کی جاتی ہے ۔(ترمذی ؛3598) ٭ افطاری کے وقت اللہ تعالیٰ لوگوں کو جہنم سے آزاد کرتے ہیں ۔(ابن ماجۃ ؛1643) روزہ کے فوائد حدیث ِنبوی ہے کہ ”روزے رکھو صحت مند ہو جاوٴگے ۔“(الترغیب والترہیب ؛2/83) عصرحاضر کی جدید سائنسی تحقیق یہ کہتی ہے کہ جسم انسانی پر سال بھر میں لازماً کچھ وقت ایسا آنا چاہیے جس میں اس کا معدہ کچھ دیر فارغ رہے،کیونکہ مسلسل کھاتے رہنے سے معدے میں مختلف قسم کی رطوبتیں پیدا ہو جاتی ہیں جو آہستہ آہستہ زہر کی صورت اختیار کر لیتی ہیں لیکن روزے سے یہ رطوبتیں اور ان سے پیدا ہونے والے کئی مہلک امراض ختم ہو جاتے ہیں اور نظامِ انہضام پہلے سے قوی تر ہو جاتا ہے ۔روزہ شوگر،دل اور معدے کے مریضوں کے لیے نہایت مفید ہے اور مشہور ماہر نفسیات سگمنڈ نرائیڈ کا کہنا ہے کہ روزے سے دماغی اور نفسیاتی امراض کا کلی خاتمہ ہو جاتا ہے ۔ مزید تفصیل کے لیے: سنت ِنبوی اور جدید سائنس: 1/162