کتاب: محدث شماره 282 - صفحہ 186
اور علوم ميں خاصى دستگاہ پيدا كى۔ انہوں نے اسنادِ تكميل بهى حاصل كيں ، ليكن اس تمام دماغ سوزى كا ثمر كيا ملا؟ ان تمام اسنادِ فضيلت كے باوجود انہوں نے كہا كہ عزت مآب كميٹى كى چشم عنايت كے بغير اصلاحِ حال كى كوئى اُميد نہيں ۔ انہيں ابناے وطن نے درخورِ اعتنا نہيں سمجھا، انہيں اہل وطن كى ہمت افزائى اور اعانت پر كوئى بهروسہ نہيں ہے۔ اندريں حالات وہ مستدعى ہيں كہ كميٹى ازراہ عنايت ِكريمانہ فضيلت مآب گورنر جنرل سے سفارش كرے كہ وہ حكومت كے زير سايہ مناصب پر ان كى تقرريوں كى منظورى عطا كريں ۔ انہوں نے مزيد درخواست كى كہ بے شك يہ مناصب اعلىٰ سطح كے يا اونچى تنخواہات كے نہ ہوں ، ليكن ايسے ضرور ہوں جو ان كے لئے قوتِ لايموت كا توشہ بہم پہنچا سكيں ۔ ہميں ايك شائستہ زندگى كے لئے وسائل دركار ہيں ، تاكہ ہم اصلاح و ترقى كى راہ پر گامزن ہوسكيں ۔ انہوں نے كہا اور يہ صرف اس صورت ميں ممكن ہے كہ جس حكومت نے ہميں بچپن سے اپنى آغوشِ تعليم و تربيت ميں ليا ہے ، وہ ہمارى مدد كرے۔ انہوں نے اپنى درخواست كو اس دردمندانہ التجا كے ساتھ ختم كيا ہے كہ انہيں يقين ہے كہ جس حكومت نے بكمالِ فياضى انہيں تعليم دلوائى ہے، اس كى ہرگز يہ نيت نہ تهى كہ انہيں سند ِتكميل كے حصول كے بعد بے يارومددگار چهوڑ دے۔
گورنمنٹ كو معاوضوں كے بارے ميں جو درخواستيں پيش كى جاتى ہيں وہ ميرى نظر سے بهى گزرتى رہتى ہيں ۔ ان تمام درخواستوں پر بشمولِ بعض انتہائى غير معقول درخواستوں كے، كارروائى اس مفروضہ پر كى جاتى ہے كہ درخواست گزاروں كا كچھ نہ كچھ نقصان ضرور ہوا ہے۔ ان كا كوئى نہ كوئى حق ضرور زائل ہوا ہے۔ ميں يقينى طور پر كہہ سكتا ہوں كہ يہ پہلے درخواست گزار ہيں جنہوں نے مفت تعليم حاصل كرنے كا معاوضہ مانگا ہے۔ انہيں دس بارہ سال ملكى خزانے سے وظيفہ ملتا رہا، اور انہيں ادب اور سائنس كے ہتهياروں سے مسلح كركے كارزارِ حيات ميں بهيجا گيا۔ يہ لوگ اس تعليم كو اپنے حق ميں ايسى مضرت سمجهتے ہيں جس كى حكومت كو تلافى كرنى چاہئے۔ يہ ايك ايسى ضرب ہے جس كے مقابلے ميں انہيں وہ وظيفہ جو انہيں اسى دوران ميں عطا كيا جاتا رہا، ناكافى تلافى تها۔ ميرے نزديك وہ صحيح موقف پر ہيں ، انہوں نے اپنى زندگيوں كے بہترين سال ايسے علوم كے حصول ميں گزارے جنہوں نے نہ تو ان كى معاشى ضرورتوں كو پورا كيا اور نہ سماج ميں عزت كى جگہ دلوائى۔ يہ يقينى بات ہے كہ ہم نے جو رقم انہيں بے كار اور مفلوك الحال بنانے كيلئے صرف كى ہے، كسى بہتر مصرف كے لئے محفوظ كى جاسكتى تهى!