کتاب: محدث شماره 282 - صفحہ 144
عوام الناس كو درپيش مختلف مسائل، مختلف موضوعات پر مناظرے اور مباحثے، جمعتہ المبارك كے خطبے اورعوامى اجتماعات ميں خطابات كے تمام مواقع ايسے ہيں جہاں بيان سے قبل كافى كچھ تحقیق كرنا پڑتى ہے، ا س كے بعد ہى كوئى عالم دين اپنے موضوع سے انصاف كرسكتا ہے۔ ايسى سرگرميوں كو سندى تحقیق ايسى باضابطہ تحقیقى سرگرمى تو نہيں كہا جاسكتا، ليكن انہيں عمل ِ تحقیق سے خارج كرنا بهى مناسب نہيں ہے۔ مدارس ميں تحقیقى عناصر تمام دينى مدارس كو يوں تو ايك جامع لفظ ’دينى مدرسہ‘ سے بيان كرديا جاتا ہے ليكن اس سے مراد دراصل ’مدرسہ سسٹم‘ ہے جس كے كئى مراحل ہيں :مثال كے طور پر تحتانى، فوقانى اور دورۂ حديث جنہيں اب تمہيدى(كے جى)، ابتدائيہ (پرائمرى)، متوسطہ (مڈل)، ثانويہ (سيكنڈرى سكول)، اور اعلىٰ تعليم كے مدارس (كالج ويونيورسٹى)بهى كہا جاتا ہے ۔جہاں تك تحقیقى سرگرميوں كا سوال ہے تو وہ صرف اعلىٰ سطحى مدارس ميں ہى ہوتى ہے۔ اس نوعيت كے مدارس لاہور شہر ميں آٹھ، دس سے زيادہ نہيں ليكن انہيں مدارس كہنے كے بجائے جامعات (Universities)كہنا زيادہ مناسب ہے۔ ايسے دينى مدارس ميں عموماً چار نوعيت كے تحقیقى ادارے سرگرم ہوتے ہيں : (1)لائبريرى (2)دارالافتاء (3)شعبہٴ تصنيف وتاليف اور (4) دينى مجلہ لاہور شہركے جن جامعات ميں يہ چاروں كام كافى حد تك بہتر شكل ميں پائے جاتے ہيں ، ان ميں اہل حديث مكتبہ فكر كے (1)جامعہ لاہور الاسلاميہ اور (2)جامعہ شيخ الاسلام ابن تيميہ؛ ديوبندى مكتب ِفكر كے (3) جامعہ اشرفيہ ، (4)دارالعلوم اسلاميہ اور (5)جامعہ مدنيہ؛ بريلوى مكتب ِفكر كے (6)جامعہ نعيميہ اور (7)منہاج القرآن جبكہ شيعہ مكتب ِفكر كا (8) جامعة المنتظرقابل ذكر ہيں ۔ ٭ ان مدارس سے شائع ہونے والے دينى مجلات ميں بالترتيب (1) ماہنامہ ’محدث‘ (2) مجلہ ’نداء الجامعہ‘ (3)ماہنامہ ’الحسن‘ (4)ماہنامہ ’الامداد‘ (5)ماہنامہ ’انوارِ مدينہ‘ (6) ماہنامہ ’عرفات‘ (7) ماہنامہ ’منہاج القرآن‘(8)ماہنامہ ’المنتظر‘ شامل ہيں ۔