کتاب: محدث شماره 281 - صفحہ 34
دہشت گردی اور اسلام عبدالمحسن بن حمد العباد البدر
مترجم: حافظ انس نضرمدنی٭
بم دھماکوں کو ’جہاد‘قرار دینا کہاں کا اسلام ہے؟!
کتابچہ بأي عقل ودين يكون التدمير والتفجير جهادًا ؟ کا ترجمہ
شیخ عبد المحسن العباد مدینہ منورہ کی بزرگ فاضل شخصیت ہیں ، مدینہ یونیورسٹی کے ابتدائی دو ر سے آپ وہاں حدیث کے پروفیسر رہے ہیں اور سعودی عرب سے تعلیم یافتہ پاکستان کے اکثر اہل علم آپ کے شاگرد ہیں ۔ سعودی عرب میں آپ کی شرعی راے کو بڑی وقیع حیثیت حاصل ہے اور مسجد ِنبوی میں بھی آپ باقاعدہ درس دیتے رہے ہیں ۔ موصوف کا زیر نظر مضمون سعودی عرب کے حالیہ بم دھماکوں کے تناظر میں لکھا گیا ہے اور وہاں کے مخصوص حالات میں احتیاط کو ملحوظ رکھتے ہوئے موصوف نے دینی رہنمائی دینے کی کوشش کی ہے۔ عالم اسلام کو درپیش دہشت گردی او ربم دھماکوں کے سلسلے میں اس مضمون میں قرآن وحدیث سے متعدد دلائل کو حسن ترتیب سے پیش کیا گیا ہے۔بعض پہلووں سے اس موضوع پر بحث کی مزید گنجائش کے ساتھ زیر نظر مضمون کا اُردو ترجمہ نذر قارئین ہے۔ (حسن مدنی)
اسلام میں ’غلو‘کی مذمت
مسلمان کو راہ حق سے ہٹانے اور گمراہ کرنے کیلئے شیطان عموماً دو قسم کے گر آزماتا ہے:
(!)اگر تو مسلمان اہل معاصی میں سے ہو توشیطان اس کے لئے خواہشات اور معاصی کو کچھ اس طرح مزین کرکے پیش کرتا ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اِطاعت وفرمانبرداری سے دور ہی رہے اور اُس کا نیک کام کرنے کو دل ہی نہ چاہے۔ فرمانِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے:
( حُفَّتِ الْجَنَّةُ بِالْمَكَارِهِ، وَحُفَّتِ النَّارُ بِالشَّهَوَاتِ ) (صحیح بخاری:6487، صحیح مسلم:2822 )
٭ حافظ عبد الرحمن مدنی کے منجھلے صاحبزادے حافظ انس نضر مدنی نے جامعہ لاہور الاسلامیہ سے ۱۹۹۷ء میں سند ِفراغت کے بعد، ۲۰۰۲ء میں مدینہ منورہ یونیورسٹی کی شریعت فیکلٹی سے ممتاز حیثیت میں سند ِفضیلت حاصل کی ہے اور ان دنوں پنجاب یونیورسٹی کے شیخ زید سنٹر میں پی ایچ ڈی کے طالبعلم ہیں۔آپ ان دنوں ٹرسٹ کے زیر اہتمام اسلامک انسٹیٹیوٹ (مردانہ شعبہ) کے انچارج کی ذمہ داری انجام دے رہے ہیں۔