کتاب: محدث شمارہ 279 - صفحہ 87
اقوامِ متحدہ كے اس چارٹر كے حوالے سے چيلنج كيا جائے جس پر تمام ترقى يافتہ ممالك نے دستخط كرركهے ہيں تو عالمى سطح پر جذبات كو برانگيختہ كئے بغير بہتر نتائج حاصل كئے جاسكتے ہيں اور غير مسلم ليكن بڑى اور بين الاقوامى طور پر موٴثر اين جى اوز كو بهى حجاب كے حق ميں متحرك كيا جاسكتا ہے۔ خوش قسمتى سے فرانس كے حجاب مخالف قانون كى زد ميں يہودى، سكہ اور رومن كیتھولك عيسائى بهى آرہے ہيں ۔ جو اپنے لباس كے ساتھ بڑے سائز كى صليب آويزاں كرنے كا شعار اپنائے ہوئے ہيں ۔ اگر انسانى بنيادوں پر اس قانون كى مخالفت كى جائے تو عيسائيوں كے روحانى مركز ويٹى كن سٹى يورپ ميں قائم تمام سكہ تنظيموں اور غير مسلم ليكن انسانى حقوق كے علمبردار اداروں كى ہمدردياں بهى حاصل كى جاسكتى ہيں اور اقوامِ متحدہ كے متفقہ طور پر جارى كردہ ’يونيورسل ڈكلريشن آف ہيومن رائٹس‘ كے آرٹيكل 18 كى مدد بهى لى جاسكتى ہے۔ جس ميں بنيادى انسانى حقوق اور شخصى آزادى كے ساتھ ساتھ مذہبى آزادى كے احترام كى گارنٹى بهى دى گئى ہے۔ فرانس، جرمنى، سويڈن، بلجيم اور ناروے ميں وہاں كے قوانين كے مطابق رجسٹرڈ اور تسليم شدہ اداروں مثلاً سركارى طور پر تسليم شدہ ’اسلامى كونسل‘ اور مسلم ثقافتى سينٹروں كو چاہئے كہ وہ مذكورہ ممالك كے دائرۂ قانون ميں رہتے ہوئے قابل ترين قانون دانوں كى خدمات حاصل كريں اور ہر ملك كى وزارتِ تعليم و ثقافت كے سامنے اپنا كيس پيش كركے حجاب پر پابندى كے ضوابط كو خود ان ممالك كے آئين اور قوانين سے متصادم قرار دلوائيں ۔ يورپ كے ان ممالك ميں جيسا كہ پہلے بيان ہوچكا ہے، مسلمانوں كى آبادى اتنى زيادہ ہے كہ سياسى طور پر اسے ہرگز نظرانداز نہيں كياجاسكتا۔ ان ممالك كے مسلمانوں كو چاہئے كہ وہ آئندہ اليكشن ميں اپنا ووٹ حجاب مخالف ليڈروں اور جماعتوں كے خلاف ڈالنے كا واضح عنديہ دے ديں ۔ اس حربے سے كم از كم فرانس اور جرمنى ميں خاطر خواہ كاميابى حاصل كى جاسكتى ہے اور اس مجوزہ كاميابى كے امكانات ان ممالك كى سياسى فضا ميں پہلے ہى سے اپنى جهلك دكها رہے ہيں ۔