کتاب: محدث شمارہ 278 - صفحہ 80
انجام دیتے تھے۔ آپ نے مدینہ یونیورسٹی سے سند ِفراغت حاصل کرنے کے بعد جامعہ لاہور الاسلامیہ (جامعہ رحمانیہ) میں تقریباً ۱۶،۱۷ سال تدریسی خدمات انجام دیں ۔ جامعہ میں تدریس کے اس طویل عرصہ میں آپ نے ہزاروں شاگردوں کو تعلیم دی، آپ علمی رسوخ کے مالک تھے، حدیث ِنبوی کا خاص ذوق رکھتے تھے۔متقی اور ملنسار تھے۔ آپ نے دو سال جامعہ اہل حدیث جامع مسجد قدس چوک دالگراں میں بطورِ نائب شیخ الحدیث خدمات بھی انجام دیں ، چند سالوں سے آپ محترم حافظ ثناء اللہ مدنی کے ساتھ ترمذی شریف کی شرح کے سلسلہ میں معاون کی حیثیت سے بھی شریک ِکار تھے اور روزانہ وقت دیتے تھے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں ٹھکانہ نصیب فرما ئے ، ان کی لغزشوں کو معاف کرے اور حسنات کو قبول فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق دے۔ انہوں پسماندگان میں دو بیوہ اور ایک ننھی منھی چھوٹی بچی چھوڑی ہے۔ ایک نیک خاتون کا انتقال حافظ محمد عبد اللہ محدث روپڑی رحمۃ اللہ علیہ کے برادرِ خوردحافظ عبد الرحمن رحمۃ اللہ علیہ امرتسری کی بیٹی اور حافظ عبد القادر روپڑی رحمۃ اللہ علیہ کے چھوٹے بھائی حافظ محمود احمد رحمۃ اللہ علیہ کی بیوہ اہلیہ بروز بدھ ۱۰/مارچ ۲۰۰۴ء کو ۸۴ جے ماڈل ٹاوٴن لاہور میں انتقال کر گئیں ۔انا لله وانا اليه راجعون مرحومہ بہت نیک، متدین، صوم وصلوٰةکی پابند اور مخیر خاتون تھیں ۔ چند روزہ علالت کے بعد ۱۰/مارچ بروز بدھ تقریباً ۱۱/بجے وفات پا گئیں ۔ ان کی نمازِ جنازہ جامع مسجد رحمانی جے بلاک ماڈل ٹاوٴن میں ۱۱/مارچ کو بعد نمازِ عصر ادا کی گئی۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی حسنات کو قبول فرمائے اور لغزشوں کو معاف فرمائے اور جنت الفردوس میں ٹھکانہ نصیب فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق بخشے۔اللهم اغفرلهاوارحمهاواعف عنها