کتاب: محدث شمارہ 278 - صفحہ 75
یادِ رفتگاں مولانا عبد السلام فتح پوری مجلس التحقیق الاسلامی نامور اہل علم کی رحلت گذشتہ چند ایام اس لحاظ سے اہل علم پر بڑے بھاری گزرے کہ اس میں نامور جید علما اور جماعتی شخصیات نے وفات پائی۔ پے در پے ایسی خبروں کا موصول ہونا بڑے رنج والم کا باعث ہوا۔ ان شخصیات کی وفات پر ہم بھی ان کے نسبی پس ماندگان سے اظہارِ تعزیت کرتے ہیں ، لیکن واقعتا ان کے پس ماندگان میں ان کے فیض یافتگان، ان کے علم سے روشنی حاصل کرنے والے تمام اہل دین ہیں ، جن کے لئے ان حضرات کا جانا ایک شفیق سرپرست کے اٹھ جانے سے کسی طور کم نہیں ۔اللہ تعالیٰ ان کی رحلت کو ہمارے لئے آزمائش کا سبب نہ بنائے۔ آمین! محدث کے قارئین سے ان کے لئے دعائے مغفرت کی گذارش کرتے ہوئے ہم بھی اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ ان نمایاں لوگوں کی رحلت سے واقع ہونے والا خلا جلد پورا فرمائے، ان کی کوتاہیوں سے درگزر فرمائے،ان کے درجات بلند فرمائے، ان کے جانشین پیدا فرمائے، اور ان کے پس ماندگان کو صبر جمیل کی توفیق مرحمت فرمائے۔ یوں تو عالم کی وفات میں دنیا بھر کا نقصان ہوتا ہے، اور قربِ قیامت کی نشانیوں میں سے ہے کہ اہل علم دنیا سے اُٹھ جائیں گے اور ان کی مسند سنبھالنے والے نہ ہوں گے، اللہ سے دعا کہ ایسے حالات میں ہم میں سے نئے اسلام کے خادم پیدا فرما اور علم کا ذوق رکھنے والوں کو علم ودین کی یکسوئی سے خدمت کی توفیق دے۔ ذیل میں ان وفات پانے والی نامور شخصیات کا مختصر تذکرہ کیا جاتا ہے، مجلس التحقیق الاسلامی اور جامعہ لاہور الاسلامیہ سے وابستہ رہنے والے علما کے بارے میں آئندہ بعض تفصیلات بھی محدث میں شائع کی جاتی رہیں گی، ان شاء الله! ( حسن مدنی ) مولانا ریاض الحسن نوری جناب ریاض الحسن نوری علمی وفکری حلقوں میں خاصی شہرت رکھتے تھے۔ آپ اپنی منفرد اور نادر معلومات کی وجہ سے دینی وعلمی حلقوں میں غیر معمولی احترام کی نظر سے دیکھے جاتے تھے۔ آپ کی لائبریری نادر روزگار کتب اور دینی معلومات کا خزینہ تھی۔ مغربی دانشوروں کے افکار اور سائنسی تحقیقات میں آپ کی خصوصی دلچسپی کی وجہ سے آپ کی لائبریری میں اس حوالے سے غیرمعمولی اہمیت کی کتب موجود تھیں ۔ ادارہ محدث اور مجلس التحقیق الاسلامی سے