کتاب: محدث شمارہ 276 - صفحہ 63
۱۲/برگزیدہ خواتین رکھا ہے، ان سب کا انبیاء علیہم السلام کے ساتھ رشتہ داری کاتعلق ہے۔ دوسرے حصہ کو ذکر ِصحابیات کا نام دیا ہے۔ اس حصہ میں ۱۲۶ صحابیات رضی اللہ عنہن کا تعارف ہے ۔تیسرے حصہ میں تابعیات کا تذکرہ ہے جن کی تعداد ۱۳ بیان کی ہے ا ور چوتھے حصہ میں ماضی قریب اور دورِ حاضر کی چند صالحات کے معمولاتِ شب وروز قلم بند کیے ہیں ۔ جن میں سے کچھ وفات پا چکی ہیں او رکچھ بقید ِحیات ہیں ۔مثلا علامہ محمد اقبال، مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی ، میاں طفیل محمد، حکیم محمد سعید اور دوسرے کئی نامور اصحاب کی ماؤں کا ذکر ہے۔ موصوف نے جہانِ فانی سے دارِ بقا کی طرف جانے والی صالحات کے جو حالاتِ زندگی قلم بند کئے ہیں وہ جدید عہد کی راہِ راست سے بھٹکی ہوئی عورت کو صراطِ مستقیم کی جانب کھینچ کر لاتی ہے ۔کتاب اللہ اور سنت ِرسول اللہ پر عمل پیرا ہونے والی خواتین کا اُسوہ راہِ فلاح کی جانب رہنمائی کرتا ہے ۔نیریہ بھی واضح کرتا ہے کہ ایک با کردار اور اعلیٰ اخلاق کی مالک خاتون کی گود سے ہی ایسے صالح افراد اور گوہر نایاب شخصیات تربیت اور پرورش پا کر پروان چڑھتی ہیں جن کے وجود سے ایک اچھا پاکیزہ اور صاف ستھرا معاشرہ معرضِ وجود میں آتا ہے۔ اس کتاب میں جن باکردار وبا اخلاق صالحات کے حالاتِ زندگی اور معمولاتِ شب وروز کو محفوظ کیا گیا ہے، ان کی عملی زندگی کے مثالی کردار کو سامنے رکھ کر آج کی خواتین اپنی اصلاح کر کے آنے والی نسلوں کے لیے اُسوہ بن سکتی ہیں ۔ محدث معروف دینی اِداروں ، لائبریریوں ، نشریاتی وصحافتی دفاتر، تعلیمی مراکزاور کالجوں ، یونیورسٹیوں کے شعبۂ اسلامیات کو اِعزازی طور پرباقاعدگی سے ارسال کیاجاتا ہے۔اگر آپ کے قریب کسی ایسے مرکز میں محدث وصول نہ ہوتا ہو تو ہمیں اس کا پتہ جلد از جلد ارسال کیجئے۔ اسی طرح اہم سماجی، قومی و دینی شخصیات اور اہل علم وقلم کو بھی محدث باقاعدگی سے ارسال کیا جاتاہے جب وہ اپنے تو سط سے کم از کم دو افراد کے نام ’محدث‘ جاری کرا دیں۔جبکہ طلبہ کو نصف رعایتی زرِسالانہ یعنی ۱۰۰ روپے سالانہ پرمحدث جاری کیا جاتا ہے۔ اس اعتبار سے محدث اُردو دان طبقہ میں مستند فکری آرا کو متعارف کرانے کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔ ان دنوں محدث کے پتہ جات کی پڑتال اورتکمیل کی جارہی ہے۔ ایسے تمام حضرات جنہیں محدث مختصر یا طویل عرصہ سے اِعزازی موصول ہو رہا ہو، ان سے گذارش ہے کہ وہ جوابی مراسلہ یا کم از کم فون کے ذریعے محدث کی باقاعدہ وصولی یا پتہ کی تبدیلی سے ہمیں مطلع کریں تاکہ آئندہ بھی انہیں محدث کی ترسیل جاری رہ سکے۔ جو حضرات محدث کی وصولی کے بارے میں کسی قسم کی اطلاع نہیں دیں گے، دو ماہ بعد ایسے اعزازی حضرات کو محدث کی ترسیل منقطع کردی جائے گی۔ توثیق و اطلاع کیلئے محدث کا پتہ و فون نمبرز دیکھئے۔ ادارہ