کتاب: محدث شمارہ 274 - صفحہ 15
دفعہ (بی) میں ترمیم کرکے حسب ِذیل عبارت کا اضافہ کیاگیا۔اس کامفہوم حسب ِذیل ہے :
(ط) ہنگامی حالت کے ترمیمی حکم مجریہ ۲۰۰۱ء کے نفاذ سے فوری قبل جوشخص بطورِ صدرِ مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان فرائض سرانجام دے رہا تھا۔ اس کو فوری طور پراس عہدے سے فارغ کیا جاتا ہے۔
اس حکم کے ذیلی پیرا (ڈی) میں کچھ دوسرے سیاسی عہدوں پر فائز شخصیات کو بھی ان کے عہدوں سے فارغ کردیا۔ ذیلی پیرا (ڈی) کا مفہوم حسب ِذیل ہے :
(ڈی) چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کو پہلے ہی اپنے عہدوں سے فارغ کیاجاچکا ہے۔ اب سپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر بھی فوری طور پر اپنے عہدوں سے فارغ متصور ہوں گے۔
چیف ایگزیکٹو بطور صدرِ پاکستان
اسی روز یعنی ۲۰/ جون ۲۰۰۱ء کو جب صدر پاکستان کو اپنے عہدے سے ہٹایا گیا۔ حکم نمبر ۳ مجریہ ۲۰۰۱ء کے ذریعے صدر مملکت جانشینی حکم جاری کیا گیا۔ اس حکم کی دفعہ ۳ کا مفہوم کچھ اس طرح ہے :
’’(وجہ جو بھی ہو) صدرِ مملکت کا عہدہ خالی ہونے پر اسلامی جمہوریہ پاکستان کے چیف ایگزیکٹو، اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر قرار پائیں گے اور وہ تمام اُمور سرانجام دیں گے جو صدر مملکت کا خاصہ ہیں یاجو انہیں آئین یا کسی اور قانون کے تحت تفویض کئے گئے ہیں ۔‘‘
اس حکم نامے میں مندرجہ ذیل دیگر امور قابل ذکر ہیں :
(الف) یہ کہ چیف ایگزیکٹو اس وقت تک بطورِ صدر اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے جب تک کوئی دوسرا صدر اس عہدے پر فائز نہیں ہوجاتا۔
(ب) یہ کہ صدر کا عہدہ سنبھالنے سے قبل چیف ایگزیکٹو چیف جسٹس آف پاکستان سے حلف لیں گے۔ (اس حلف کی عبارت خود چیف ایگزیکٹو نے اپنی طرف سے حکم کے ساتھ شیڈول کے طور پر شامل کردی)
تجویز کردہ صدارتی حلف کی عبارت حسب ِذیل مفہوم کی حامل ہے: