کتاب: محدث شمارہ 273 - صفحہ 36
بہت زیادہ منافع نہ لیا جائے۔ اجنبی دیس میں رہنے والے مسلمانوں پر نرمی کی جائے، او ریہ کوشش کی جائے کہ وہ اسلامی منصوبوں سے محبت رکھیں اور یہ بالکل حلال نہیں کہ وہ مسلمانوں کی دین سے محبت اور نبی علیہ السلام کی پیروی کی خواہش سے ناجائز فائدہ اٹھائیں اور ان سے ایسے نرخ وصول کریں جن سے وہ خوش نہ ہوں ۔ داڑھی کاحکم؟ ٭ سوال ۴۲: میں یہ معلوم کرنا چاہتا ہوں کہ اسلام میں داڑھی کا کیا حکم ہے؟ جواب:داڑھی رکھنا واجب ہے۔ یہ ان سنتوں میں سے ہے جنہیں فطرت قرار دیا گیا ہے اورشعائر ِاسلام میں سے ہے۔ بہت سی صحیح اور صریح حدیثوں میں اسے بڑھانے کا حکم آیا ہے۔ صیغہ امر کے بارے میں اُصول یہ ہے کہ اس سے وجوب ثابت ہوتا ہے۔ سوائے اس کے کہ کوئی قرینہ دوسرے مفہوم کی طرف اشارہ کررہا ہو۔ اس لئے جمہور علما نے داڑھی بڑھانا واجب قراردیا ہے اور اسے منڈوانا گناہ اور نافرمانی قرار دیاہے۔ مسلمان کو یہ کام نہیں کرنا چاہئے سوائے اس کے کہ وہ انتہائی مجبور ہوجائے۔ جس طرح ممنوع اُمور کامعاملہ ہے کہ ان کا جواز صرف شدید مجبوری کی حالت میں ہوتاہے، مسلمان مرد کو چاہئے کہ ایسی مجبوری کو جلد ازجلد ختم کرنے کی کوشش کرے۔ کسی کی وفات پر کیا کرنا چاہئے؟ ٭ سوال ۴۳:میرے خاوند کے ساتھ ترکی کا ایک عالم آدمی کام کرتاہے۔ آج صبح وہ کام پرنہ آیا، اور اس نے ہمیں اطلاع دی کہ اس کا بڑا بیٹا فوت ہوگیا ہے۔ میں یقین سے کہہ سکتی ہوں کہ اس کا بیٹا وفات پاگیاہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ اسے کچھ پھول وغیرہ بھیجیں ۔ لیکن ہمیں معلوم نہیں کہ اس حالت میں ہمیں کیا کرنا چاہئے؟ کیونکہ اسلام کے بارے میں ہماری معلومات محدود ہیں ۔ اس موقع پر اس سے اور اس کے گھر والوں سے تعزیت اور اظہارِ افسوس کے لئے ہمیں کیا کرنا چاہئے؟