کتاب: محدث شمارہ 273 - صفحہ 17
فقہ وفتاویٰ مجمع فقہاءِ شریعت، امریکہ
دوسری قسط
مغربی ممالک میں بسنے والے مسلمانوں کے مسائل
گذشتہ سال (اکتوبر ۲۰۰۲ء میں ) امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن میں ’مجمع فقہاے شریعت، امریکہ‘ (Assembly of Muslim Jurists of America)کا تاسیسی اجلاس منعقد ہوا، جس میں دنیا بھر سے اہل ِعلم کو دعوت دی گئی۔ پاکستان سے شیخ الحدیث حافظ ثناء اللہ مدنی اور مولانا ارشاد الحق اثری، فیصل آباد رکن کی حیثیت سے اس میں شامل ہوئے۔ مجمع کا مرکزی دفتر میری لینڈ میں قائم کیا گیا۔اس اجلاس میں ایک کمیٹی تشکیل پائی جس کو ہمہ وقت شرعی سوالات کے جوابات دینے کی ذمہ داری سونپی گئی۔
اِمسال مئی ۲۰۰۳ء میں امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا کے شہر ساکرا منٹو میں بھی ایک اہم دعوتی کانفرنس تھی، جس میں محترم حافظ ثناء اللہ مدنی بھی شریک تھے۔ یہاں ’مجمع‘ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر صلاح صاوی سے ملاقات ہوئی تو اُنہوں نے محترم حافظ صاحب کو کمیٹی کی طرف سے صادر شدہ چند فتوے پیش کئے۔ سابقہ شمارے میں ان فتاوی کے اردو ترجمہ کی پہلی طویل قسط شائع کی گئی تھی، باقی سوالات کے جوابات اب پیش خدمت ہیں ۔
صدقہ فطر کے بعض مسائل
امریکہ میں مسلمانوں کے بعض علاقوں میں ، اور ملک کے بعض دوسرے حصوں میں بعض اوقات وہ خوردنی اشیا دستیاب نہیں ہوتی جن کا ذکر شرعی نصوص میں کیا گیاہے۔ اسی طرح بعض اوقات بہت سے غریب مسکین مسلمانوں کو یہ معلوم نہیں ہوتا کہ وہ ان اشیاء خوردنی سے کیسے استفادہ کرسکتے ہیں ، اس صورتِ حال میں کئی سوالات پیدا ہوتے ہیں :
صدقہ فطر میں معینہ غذائی جنس کی بجائے مالیت وغیرہ ادا کرنا
٭ سوال ۲۴:کیا ’طعام‘ (غذائی اشیا) کے مفہوم میں وسعت پیدا کی جاسکتی ہے، تاکہ ہر وہ چیز اس حکم میں شامل ہوجائے جس کو ’طعام‘ کہا جاسکتا ہے۔ مثلاً تیل، سبزی، پھل،