کتاب: محدث شمارہ 270 - صفحہ 89
ڈاکٹر عبداللہ عابد، حافظ عبدالرحمن مدنی، مولاناصفی الرحمن مبارکپوری، مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی کے اسماء گرامی خصوصیت سے قابل ذکر ہیں ۔ دوسرے اصحاب کے مضامین بھی بڑے وقیع ہیں ۔ چوتھے حصے کے اشارئیے نہایت محنت سے مرتب کئے گئے ہیں ۔ یہ اشارئیے فتنہ انکار حدیث کے موضوع پر تحقیق کرنے والوں کے لئے نعمت ِغیر مترقبہ کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ ان کی ترتیب و تدوین پر جو عرق ریزی کی گئی ہے، اس کے لئے ڈاکٹر خالد رندھاوا صاحب، جناب عبدالرشید عراقی صاحب اور ادارۂ محدث داد و ستائش کے مستحق بھی ہیں اور اہل علم کے شکریہ کے بھی۔ اس خوبصورت اشاعت خاص کا مطالعہ نہ صرف معلومات میں اضافہ کرتا ہے بلکہ ذہنوں سے حدیث کے بارے میں ہرقسم کے کانٹے بھی نکال دیتا ہے۔ کوئی پڑھا لکھا مسلمان گھرانا اور کتب خانہ اس سے خالی نہیں رہنا چاہئے۔ ہمارا مشاہدہ ہے کہ منکرین حدیث میں سے اکثر اسماء الرجال اور جرح و تعدیل کے فن یا علم کے معانی اور مفہوم سے یکسر بیگانہ ہیں ۔ کاش یہ برخود غلط لوگ ان جانگسل کاوشوں سے آگاہ ہوتے جو محدثین کرام رحمۃ اللہ علیہ نے روایات کی جانچ پڑتال اور چھان بین کے لئے کیں ۔ ایسے افراد سے ہماری دردمندانہ استدعا ہے کہ وہ اس خصوصی اشاعت کا مطالعہ ضرور کریں ۔ یہ مطالعہ ان کے لئے نفع بخش ثابت ہوگا۔ ان شاء اللہ تعالیٰ (مبصر:طالب الہاشمی) 3. ماہنامہ ’الشریعہ‘ جنوری ۲۰۰۳ء ص۴۶ ماہنامہ ’محدث‘ لاہور ایک علمی و دینی جریدہ ہے جو ہمارے محترم اور بزرگ دوست مولاناحافظ عبدالرحمن مدنی کی زیرادارت ایک عرصہ سے علمی محاذ پر مصروف کار ہے اور علمی وفکری فتنوں سے اُمت کو خبردار کرتے رہنا اس کا خصوصی مشن ہے۔ فتنۂ انکارِ حدیث پر ’محدث‘کی خصوصی اشاعت اس وقت ہمارے سامنے ہے جس میں دورِ حاضر میں انکارِ حدیث کے پس منظر اور اس کے دینی و ملی مضرات و نقصانات پرمختلف علمی مقالات کی صورت میں روشنی ڈالی گئی ہے اور اس کے ساتھ ملک کے دیگر دینی جرائد میں اس حوالے سے شائع ہونے والے مقالات و مضامین کا ایک جامع اشاریہ بھی شامل کیا گیا ہے جو تحقیقی کام کرنے والوں کے لئے بہت فائدہ کی چیز ہے۔ (مبصر: مولانا زاہد الراشدی)