کتاب: محدث شمارہ 270 - صفحہ 85
آپ تبلیغ دین مبین کابے حد مفید اور بامقصد فرض انجام دے کر اللہ تعالیٰ کی رضا اور حضرت ختمی ٔ مرتبت صلی اللہ علیہ وسلم کی خوشنودی حاصل کررہے ہیں ۔ میں سنجیدگی سے محسوس کررہا ہوں کہ آپ کے اس مقدس جہاد بالقلم میں شرکت ضروری ہے۔ میں آپ کوچند اہم دوستوں اور احباب کی فہرست روانہ کررہا ہوں ، ان سب کے نام ایک سال کے لئے محدث جاری کرنے کا اہتمام فرما دیا جائے۔ جزاکم اللہ خیرا دعاگو ڈاکٹر یاسین رضوی، اسلام آباد ……………(۷) …………… محترم شیخ مولانا حافظ عبدالرحمن صاحب مدنی حفظہ اللہ تعالیٰ السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ ۲۵/نومبر ۲۰۰۲ء اللہ ربّ ِکائنات کی بے شمار رحمتیں اور برکتیں نازل ہوں آپ پر اور ان تمام احباب پر جو ماہنامہ محدث کے ’فتنہ انکار حدیث نمبر‘ شائع کرنے میں شامل ہیں ۔ کیونکہ آپ نے محدث کا فتنہ انکار حدیث نمبر شائع فرما کر امامِ کائنات فخر موجودات حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی ذاتِ مبارکہ پر اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے مقام پرگروہ منکرین حدیث کی طرف سے ڈالی گئی گرد کو صاف کر کے وکالت رسالت کا حق ادا کیا ہے اور ماہنامہ محدث کی یہ کوشش بھی بالکل اسی طرح قابل تحسین ہے جس طرح کہ’ رنگیلا رسول ‘کا جواب ’مقدس رسول‘۔ آج منکرین حدیث سب سے بڑھ کر شاتم رسول اور نہ صرف منکر حدیث ،بلکہ درحقیقت منکر ِعظمت ِانبیا علیہم السلام ہیں ۔یہ گروہ قادیانیوں سے بڑھ کر گمراہ ہے ،کیونکہ مرزا غلام احمد قادیانی تو فردِ واحد تھا ، جس نے دعویٰ نبوت کی جسارت کی تھی جبکہ منکرین حدیث کا ہر شخص گویا دعویٰ رسالت کرتا ہے۔ اس لیے کہ یہ لوگ خود صاحب ِقرآن محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی بیان کردہ قرآن مجید کی تفسیر وتعبیر کے منکر اور اپنی خود ساختہ تفسیر کے قابل عمل ہونے کے مدعی ہیں اوران کا یہ طرزِ عمل دعویٰ رسالت کے مترادف ہے۔ محترم! محدث کا یہ خصوصی شمارہ عین وقت پر شائع کیا گیا ہے کیونکہ آج کل منکرین