کتاب: محدث شمارہ 270 - صفحہ 84
……………(۵) …………… محترم برادرم حافظ حسن مدنی صاحب حفظہ اللہ السلام علیکم! ۷/نومبر ۲۰۰۲ء مزاج بخیر، ماہنامہ ’محدث‘ باقاعدگی سے موصول ہورہا ہے۔ برسہا برس سے جماعتی جرائد و رسائل میں جس تشنگی کا اس عاجز کو احساس تھا، محدث کے ساتھ چند ماہ کے تعلق نے بہت حد تک اسے تسکین فراہم کی ہے۔ اس کے علاوہ اسلامک ویلفیئر ٹرسٹ اور اس کے ذیلی ادارہ جات یقینا آپ کی محنت، خلوص اورعلم دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔ ’محدث‘ کا خصوصی شمارہ ’فتنہ انکار حدیث‘ موصول ہوا۔ اس میں مضامین کی جامعیت مسلمہ ،لیکن مضامین کیلئے آپ کا حسن انتخاب نہایت قابل ستائش ہے۔ یقینا آپ نے تاریخ کا ایک بڑا حصہ کوزے میں بند کردیا ہے۔ نیز اپنے اسلاف کی طرح، علمی روایات کی پاسداری کرتے ہوئے ختم نبوت صلی اللہ علیہ وسلم کی چاکری کا حق ادا کردیا ہے۔ جزاکم اللہ احسن الجزاء میں آپ کی توجہ اس طرف مبذول کرنا چاہتا ہوں کہ اسماعیلی، آغاخانی، امین احسن اصلاحی، جاوید احمد غامدی وغیرہ کے متعلق بھی عوام کو آگاہ کریں تاکہ ان کا اور مستشرقین کا مشترکہ کردار، سوچ اور فکر سے عوام کو آگاہی حاصل ہو۔ جزاکم اللہ حضرت حافظ عبدالرحمن مدنی دامت برکاتہ کی خدمت ِاقدس میں میرا سلام عرض کردیں ۔شکریہ نیک دعاؤں کے ساتھ … تاجدارِ ختم نبوت کی دھول پروفیسر حکیم میاں عبدالرحمن عثمانی، گوجرانوالہ ……………(۶) …………… مکرم حافظ عبدالرحمن مدنی صاحب مدیراعلیٰ ماہنامہ ’محدث‘ لاہور السلام علیکم! ۲۲/نومبر اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجھے ماہنامہ ’محدث‘ ملتے ہوئے ایک سال مکمل ہوگیا۔ محدث کے ایک سالہ اشتراک اور باقاعدہ مطالعہ سے مجھے اپنے محدود دینی علم میں اضافے کا بھرپور احساس ہوا۔