کتاب: محدث شمارہ 270 - صفحہ 83
……………(۴) …………… سرپرست اعلیٰ کریم بخش اسلامک لائبریری محترم المقام جناب حافظ عبدالرحمن مدنی صاحب مدیراعلیٰ ’محدث‘ لاہور السلام علیکم! ۴/نومبر ۲۰۰۲ء امید ِکامل ہے کہ آپ خیرت سے ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنے علم و عمل میں عروج وترقی عطا فرمائے ۔ ایک مدت سے آپ کا مایہ ناز جریدہ ’محدث‘ کریم بخش اسلامک لائبریری شرقپور شریف میں وصول ہورہا ہے۔ جس سے بیسیوں اہل علم اور طلبہ اپنی علمی تشنگی بجھاتے ہیں ۔ میں اس پر تہہ دل سے مشکور ہوں ۔ حقیقت یہ ہے کہ میں بریلوی مکتبہ فکر کا طالب علم ہوں مگر اس کے باوجود آپ کا جریدہ محدث بڑے شوق سے پڑھتا ہوں ۔ ویسے تو لائبریری میں تقریباً تمام مکاتب فکر کے رسائل وکتب وصول ہوتے ہیں مگر آپ کا علمی و اصلاحی مجلہ محدث بطورِ خاص ہمارے پیش نظررہتا ہے۔آپ کی شائع شدہ تحریروں کو میں ہی نہیں بلکہ میرے دوست بھی پسند کرتے ہیں ، کیونکہ ان تحریروں میں فرقہ وارانہ تعصب کی بو نہیں ہوتی۔ اگر حقیقت بیان کی جائے تو آپ کا یہ رسالہ اہلحدیث مسلک ہونے کے ناطے، حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیثوں کے احیا اور ان کی بقا کے لئے جو جہاد کررہا ہے، انہیں ہدیۂ تبریک پیش کرنے کو جی چاہتا ہے۔ میرے ذہن میں آج بھی آپ کے رسالہ میں شائع ہونے والے اس مضمون کے نقوش باقی ہیں جس میں مولانا امین احسن اصلاحی کی شخصیت اور ان کے اسلامی نظریات کا پوسٹ مارٹم کیا گیا تھا۔ اب خصوصی نمبر ’فتنہ انکار حدیث‘ میں انتہائی علمی اور تحقیقی تحریروں کے مطالعہ کا موقع ملا جو واقعی حدیث ِنبوی صلی اللہ علیہ وسلم سے بہت بڑی عقیدت اور حضورِ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے والہانہ محبت کا اظہار ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو حضور سرورِ دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم سے اور زیادہ محبت اور اس کارِ خیر میں استقامت عطا فرمائے۔ آمین! مخلص عبدالرؤف شاداب (سرپرست ِاعلیٰ ) سٹوڈنٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن شرقپور،کریم بخش اسلامک لائبریری، شرقپور