کتاب: محدث شمارہ 270 - صفحہ 82
حدیث کے بارے میں علماء امت کا متفقہ فتویٰ‘ ہے۔ نکتہ نمبر ۸ اور ۹ کے تحت ماہنامہ ترجمان القرآن اور ماہنامہ معارف کی جلدوں کی کثرت پر توجہ دلائی گئی ہے۔واضح رہے کہ یہ دونوں ماہنامے دیگر جرائد کے برعکس سال میں دوبار جلد تبدیل کرتے ہیں اور ہرجلد ۶ شماروں پر مشتمل ہوتی ہے۔ ترجمان القرآن نے اپنی اس قدیم روایت کو چندسالوں سے اب تبدیل کرلیا ہے۔ (ح م) ……………(۲) …………… ڈائریکٹر ابو الکلام آزاد ریسرچ سنٹر، کراچی کا مراسلہ ۳۰/اکتوبر ۲۰۰۲ء حضرت محترمی و مکرمی حضرت علامہ حافظ عبدالرحمن مدنی مدظلہ السلام علیکم! محدث کے لئے شکرگزار ہوں ۔ فتنۂ انکارِ حدیث کی اشاعت ایک اہم دینی و علمی خدمت ہے۔ نہایت اہم مطالب مدوّن ہوگئے۔ ترتیب و تالیف اور تزئین میں حسن انتخاب اور ذوقِ علم و فن کی کار فرمائی ہے۔ دیکھ کر طبیعت خوش ہوگئی۔ نہ صرف معناً بلکہ صوراً بھی نہایت خوب ہے، تبریک پیش کرتا ہوں ۔والسلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ خاکسار ڈاکٹر ابوسلمان شاہ جہان پوری ……………(۳) …………… مدیر ہفت روزہ اہل حدیث لاہور کا مراسلہ محترم حافظ عبدالرحمن مدنی صاحب السلام علیکم! خیریت موجود، کیفیت مطلوب محدث کا نیا شمارہ ’حجیت ِحدیث نمبر‘ ماشاء اللہ قابل قدر کاوش ہے۔ میں نے اس موضوع پر کافی لکھا ہے۔ محدث میں بھی ایک مقالہ شائع ہوچکا ہے۔ اگرمجھے علم ہوتا تو میں بھی شامل ہوجاتا۔ بہرحال اس نمبرسمیت محدث پابندی سے مطالعہ کرنے کی خواہش ہے۔ خاکسار حافظ محمد عبدالاعلیٰ درّانی