کتاب: محدث شمارہ 270 - صفحہ 52
کہ ہندو اور سکھ اپنے دھرم کے بڑے آدمیوں کی یاد بڑے شاندار طریقے سے مناتے ہیں اور ان دنوں ایسے لمبے لمبے جلوس نکلتے ہیں کہ کئی بازار ان کی وجہ سے بند ہوجاتے ہیں ۔ حافظ معراج الدین کے دل میں خیال آیا کہ دنیا کے لئے رحمت بن کر آنے والے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی یاد میں اس سے بھی زیادہ شاندار جلوس نکلنا چاہئے … انہوں نے ایک انجمن قائم کی جس کا مقصد عیدمیلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر جلوس مرتب کرنا تھا۔ اس میں مندرجہ ذیل عہدیدار تھے: (۱) صدر: مستری حسین بخش (۲) نائب صدر: مہر معراج دین (۳) حافظ معراج الدین (۴)پراپیگنڈہ سیکرٹری: میاں خیر دین بٹ (بابا خیرا) (۵) خزانچی: حکیم غلام ربانی… اشتہارات کے ذریعہ جلوس نکالنے کے ارادہ کو مشتہر کیا گیا۔ چست اور چاق و چوبند نوجوانوں کی ایک رضا کار جماعت بنائی گئی اور جگہ جگہ نعتیں پڑھنے کاانتظام کیا گیا… الخ‘‘ 2. روزنامہ ’مشرق‘ مؤرخہ ۲۶/ جنوری ۱۹۸۴ء (۱۲/ ربیع الاول ۱۴۰۴ھ) میں مصطفی کمال پاشا (صحافی)’’لاہور میں ۱۲ ربیع الاول کا جلوس کیسے شروع ہوا؟‘‘ کی سرخی کے بعد لکھتے ہیں کہ ’’آزادی سے پیشتر ہندوستان میں حکومت ِبرطانیہ ۲۵ دسمبر کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے یوم پیدائش کوبڑے تزک و احتشام کے ساتھ منانے کا انتظام کرتی اور اس روز کی فوقیت کو دوبالا کرنے کے لئے اس دن کو ’بڑے دن‘ کے نام سے منسوب کیا گیا … تاکہ دنیا میں ثابت کیا جاسکے کہ حضرت مسیح علیہ السلام ہی نجات دہندہ تھے۔ حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم ۱۲/ ربیع الاول کو اس دنیا میں تشریف لائے اور اسی روز وفات پائی۔ کچھ لوگ اس یومِ مقدس کو ’۱۲ وفات‘ کے نام سے پکارتے ہیں ۔ آزادی سے پیشتر اس یوم کے تقدس کے پیش نظر مسلمانانِ لاہور نے اظہارِ مسرت و عقیدت کے طور پر جلوس نکالنے کا فیصلہ کیا… ان دنوں کانگریس اپنے اجتماع موری دروازہ میں منعقد کیا کرتی تھی اور اس کے مقابلہ میں مسلمان اپنے اجتماع موچی دروازہ لاہورمیں منعقد کرتے تھے، لہٰذا موچی دروازہ کو سیاسی مرکز ہونے کے علاوہ سب سے پہلے عیدمیلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا جلوس نکالنے کا شرف بھی حاصل ہے۔ علمی طور پر اس کی قیادت انجمن فرزندانِ توحید موچی گیٹ کے سپرد ہوئی۔ جس میں حافظ معراج دین… وغیرہ شامل تھے۔