کتاب: محدث شمارہ 27-28 - صفحہ 141
سرورِ کائنات کی حیاتِ طیبہ
ماہ و سال کے آئینے میں
حافظ نذر احمد پرنسپل شبلی کالج لاہور
حضرت محمد مصطفےٰ احمدِ مجتبیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ طیبہ کو تاریخ کے نقطۂ نظر سے تین بڑے حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے:
قبلِ بعثت : اعلانِ نبوت سے پہلے کی چالیس سالہ مکی زندگی
مکّی زندگی : بعثت (نزولِ وحی) کے بعد تیرہ سالہ مکّی زندگی
مدنی زندگی : ہجرت کے بعد دس سالہ مدنی زندگی۔
اس مضمون میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم (فداہ ابی و اُمی) کا ایک ادنیٰ امتی بھی حیاتِ طیبہ کو انہی ادوار میں تقسیم کر کے سیرۃ النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اہم واقعات کی نشاندہی کر رہا ہے۔ ظاہر ہے چند صفحات میں اس لذیز حکایت کا بیان اور وہ بھی ایک انتہائی محدود معلومات کے طالب علم سے ممکن نہیں۔ اس لئے محض تلخیص اور اشارات پر اکتفا کیجئے۔
راقم نے پہلی بار ۱۹۴۱ء میں ایک بڑے کیلنڈر سائز چارٹ میں سیرۃ النبی صلی اللہ علیہ وسلم سن وار پیش کی تھی۔ اس میں چند وضاحتی نقشے بھی دیئے گئے تھے۔ اس کے دس سال بعد پوری حیاتِ طیبہ کا نقشہ (بقید سنین) ایک مضمون کی صورت میں مرتب کیا جو ہفتہ وار قندیل، لاہور کی اشاعت ۲/ جنوری ۱۹۵۰ء میں شائع ہوا۔
اب پھر تئیس (۲۳) سال بعد برادر مکرم خواجہ عبد المنان رازؔ صاحب کے ارشاد کی عمیل میں اپنی ممکنہ معلومات کو از سرِ نو ’محدّث‘ میں پیش کرنے کی سعادت حاصل کر رہا ہوں۔ اس طویل مدت میں اس پاکیزہ موضوع پر متعدد کتابیں زیرِ مطالعہ آئیں جن سے استفادہ کیا گیا۔ خصوصاً یہ چار کتابیں سنین کی ترتیب و تطبیق میں بہت مفید ثابت ہوئیں۔
(۱) تقویم ہجری و عیسوی۔ مرتبہ ابو النصر محمد خالدی صاحب (عثمانیہ) (۲) تقویم تاریخی (قاموس تاریخی) مرتبہ جناب عبد القدوس ہاشمی۔ مرکزی ادارہ تحقیق اسلامی کراچی (۳) واقعات سیرت نبوی میں توقیتی تضاد اور اس کا حل۔ سلسلہ مقالات / مولٰینا اسحٰق النبی علوی۔ رام پوری (مطبوعہ برہان دہلی ۱۹۶۴ء (۴) جذب القلوب از حضرتِ شیخ عبد الحق محدث۔