کتاب: محدث شمارہ 269 - صفحہ 96
جسٹس منیر اے شیخ اور محمد میاں سومرو بھی اپنے مفید مشوروں سے نوازتے رہے۔ اس میٹنگ کی خبریں بھی حسب ِسابق اخبارات میں شائع ہوئیں ۔ اخبارات کو درج ذیل پریس ریلیز جاری کیا گیا : ’’(لاہور: ۵/اپریل ۲۰۰۳ء)چیئرمین سینٹ محمد میاں سومرو نے اسلامک ویلفیئر ٹرسٹ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹرسٹ کے شعبۂ تحقیق اسلامک ریسرچ کونسل کے زیر اہتمام بین الاقوامی اسلامی فیصلہ جات کی تدوین اور اشاعت کاکام ایک منفرد اور تاریخی حیثیت رکھتا ہے،جو فقہی سطح پر مسلم اُمہ میں فکری ہم آہنگی پیدا کر ے گا اور تمام مسلمان دنیا میں اسلامی انصاف پر مبنی یکساں نظام انصاف رائج کرنے میں ممد ومعاون ثابت ہو گا۔ آج پاکستان کے فلاحی ،تعلیمی، سماجی بہبود کے ادارے اسلامک ویلفیئر ٹرسٹ کی سپریم کونسل کا اجلاس ادارے کے چیئرمین جناب محمد میاں سومرو چیئرمین سینٹ پاکستان کے زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سپریم کونسل کے اَراکین سابق وفاقی وزیر قانون اور سینیٹر ایس ایم ظفر، سپریم کورٹ کے جسٹس منیر اے شیخ، وفاقی شرعی عدالت کے سابق چیف جسٹس میاں محبوب احمد، جنرل راحت لطیف،شیخ قمر الحق، توقیر احمد شریفی، میاں عبد المجید، ظفر علی راجا ایڈووکیٹ اور دیگر ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسلامک ویلفیئر ٹرسٹ کے صدر حافظ عبد الرحمن مدنی نے بتایا کہ بین الاقوامی اسلامی فیصلہ جات کی تدوین کے دو مراحل مکمل ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ حیاتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے دوران فیصل ہونے والے مقدمات اور خلفائے راشدین کے ادوار کے شرعی فیصلے جمع کرنے کا کام مکمل ہو چکا ہے اور سعودی عرب نے حکومتی سطح پر دورِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے فیصلہ جات پر نظر ثانی کر کے اظہارِ اطمینان بھی کردیا ہے۔اب اعلیٰ درجے کی طباعت کا مرحلہ درپیش ہے ۔سپریم کونسل نے اتفاق سے دو ذیلی کمیٹیوں کی تشکیل کی منظوری دی اور طباعتی کمیٹی کاسربراہ جسٹس (ر) میاں محبوب احمد جبکہ پراجیکٹ کمیٹی کا انچارج جنرل (ر) راحت لطیف کو مقرر کیا اورفیصلہ کیا گیا کہ اس عظیم علمی کام اور جوڈیشل اکادمی کے منصوبے کو رو بہ عمل لانے کے لیے کوششیں تیز تر کی جائیں ۔چیئرمین سینٹ محمد میاں سومرو نے اسلامی فیصلوں کی تدوین واشاعت کے کام میں تیزی کی ضرورت پر زور دیا۔اورسعودی حکومت کے ساتھ ساتھ سوڈان اور مراکش کی طرف سے تعاون کی پیش کش پر مثبت طور پراظہارِ اطمینان کیا۔‘‘ ٭٭