کتاب: محدث شمارہ 268 - صفحہ 96
مکمل اشاریے بھی تیارکیے گئے ہیں جن میں سے سہ ماہی مجلہ ’منہاج‘ لاہور،ماہنامہ ’حرمین‘ جہلم ماہنامہ ’الاخوۃ ‘ لاہور اور ماہنامہ ’الشر یعہ‘ گوجرانوالہ کے اشارئیے انہی رسائل میں شائع بھی کروا دیئے گئے ہیں ۔ اس طرح ماہنامہ محدث کا ۳۵ سالہ اشاریہ بھی تیار شدہ موجود ہے، جنہیں شائقین طلب کر سکتے ہیں ۔محدث کے ہی نام سے بنارس، انڈیا سے شائع ہونے والا مجلے کے اشاریہ کے علاوہ ، محدث ہی کے نام سے ۱۹۳۰ء میں دار الحدیث رحمانیہ، دہلی سے شائع ہونے والے مجلے کے اشارئیے بھی تیار کرلیے گئے ہیں ۔ان رسائل کی تمام فائلیں بھی ادارہ محدث میں دستیاب ہیں اور ۲۰ سے زائد رسائل (مثلاً ماہنامہ ’رحیق‘ لاہور، ماہنامہ ’الدعوۃ‘ لاہور، ہفت روزہ ’توحید‘ امرتسر/لاہور، ماہنامہ ’تعلیم الاسلام‘ ماموں کانجن، ماہنامہ ’ترجمان الحدیث‘ لاہور، ماہنامہ ’ترجمان السنہ‘ لاہور، ماہنامہ ’تحقیق‘ پنجاب یونیورسٹی، ماہنامہ ’تعمیر انسانیت‘ لاہور وغیرہ)کے اشاریہ جات بھی تیار حالت میں موجود ہیں ۔ تحقیقی کام کرنے والے حضرات جہاں دفتر محدث میں ان سے استفادہ کرسکتے ہیں ، وہاں ان کی فوٹو کاپی بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔ ان اشاریہ جات کو عنقریب محدث کی ویب سائٹ پر بھی پیش کردیا جائے گا، ان شاء اللہ ٭ محدث کی ۳۵ سالہ فائلوں کو سی ڈی میں تیار کر لینے کے بعد دیگر اہم علمی اور تاریخی رسائل پر بھی ایسا ہی کام شروع کیا جائے گا تا کہ یہ علمی ذخیرہ جدید دور کے میڈیا میں محفوظ ہو کر بآسانی قارئین تک پہنچ سکے۔ ان مقاصد کی بحسن وخوبی تکمیل کے لیے جہاں ہمیں آپ کی دعاؤں کی ضرورت ہے، وہاں مالی وسائل کے لیے اہل خیر کو بھی اس نیک کار میں حصہ لینا چاہیے۔ یہ ہمارے علمی اور تاریخی ورثہ کی بڑی شاندار حفاظت ہوگی۔ ان شاء اللہ ہمارے علم میں آیا ہے کہ ادارۂ ’ہمدرد‘کے تحت برصغیرکے بعض تاریخی جرائد مثلاً ’تہذیب الاخلاق‘ از سرسید احمد خاں اوراخبار ’زمیندار ‘،’کامریڈ‘ وغیرہ کو’ فلم‘کے ذریعے محفوظ کرنے کی کوششیں کی گئی ہیں لیکن اس طریقہ کے مطابق ان سے استفادۂ عام ممکن نہیں تھا۔ الحمدللہ ادارۂ محدث نے اس ضمن میں سی ڈی کے استعمال کا جو تصور پیش کیا ہے، اس سے یہ مجلات ورسائل عام قاری تک بڑی کم قیمت میں پہنچ سکتے ہیں ۔اس پروگرام کے سلسلے میں ہمیں فنی مہارت رکھنے والے حضرات کا تعاون اور مشاورت بھی درکار ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اسلام کی خدمت کرنے اور اسلامی علمی ورثہ کی حفاظت کی توفیق عطا فرمائیں ۔آمین! ٭٭