کتاب: محدث شمارہ 268 - صفحہ 52
واضح رہے کہ مذکورہ روایت میں ’أو‘ (قبلہ یوماأوبعدہ یوما) بمعنی ’یا‘ ہے۔ جبکہ بعض طرق میں یہاں ’و‘ بمعنی ’اور‘ ہے۔جس کے پیش نظر بعض اہل علم نے تین دن (۹،۱۰،۱۱) کے روزے رکھنے کا رجحان ظاہر کیا ہے۔ (دیکھئے فتح الباری:۴/۷۷۳) مگر محل استشہاد روایت ہی ضعیف ہے، اس لئے یہ موقف کمزور ہے۔ احتیاط کا تقاضا مذکورہ اختلافی مسئلہ میں اگر احتیاط کا پہلو مدنظر رکھا جائے تو پھر یہ تسلیم کئے بغیر چارہ نہیں کہ نو اور دس دونوں کا روزہ رکھا جائے کیونکہ اگر شریعت کی منشا نو اور دس دونوں کا روزہ رکھنے میں ہوئی تو اس پر عمل ہوجائے گا اور اگر نو کا روزہ رکھنے میں ہوئی تو تب بھی نو کا روزہ رکھا جائے گا اور دس کا روزہ اضافی نیکی قرار پائے گا۔ علاوہ ازیں اس طرح یوم عاشوراء کی فضیلت اور یہود و نصاریٰ کی مخالفت دونوں ہی پر عمل بھی ہوجائے گا جیسا کہ حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ رقم طراز ہیں کہ ’’وقال بعض أهل العلم: قوله صلی اللہ علیہ وسلم فی صحيح مسلم لئن عشت إلی قابل لأصومن التاسع، يحتمل أمرین أحدهما أنه أراد نقل العاشر إلی التاسع والثاني أراد أن يضيفه إليه فی الصوم فلما توفی ا قبل بيان ذلک کان الاحتياط صوم اليومين‘‘ (فتح الباری: ایضاً) ’’بعض اہل علم کے بقول صحیح مسلم میں مروی اس حدیث نبوی کہ ’’اگر آئندہ سال میں زندہ رہا تو نو کا ضرور روزہ رکھوں گا۔‘‘ کے دو مفہوم ہوسکتے ہیں : ایک تو یہ کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی مراد یہ تھی کہ یوم عاشوراء کے روزہ کے لئے دس کی بجائے نو کا روزہ مقرر کردیا جائے اور دوسرا یہ کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم دس کے ساتھ نو کا روزہ بھی مقرر فرمانا چاہتے تھے۔ (اب اگر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اس کے بعد اگلے محرم تک زندہ رہتے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے عمل سے مذکورہ دونوں صورتوں میں سے ایک صورت ضرور متعین ہوجاتی) مگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کسی صورت کو متعین کرنے سے پہلے وفات پاگئے تھے، اس لئے احتیاط کا تقاضا یہی ہے کہ نو اور دس دونوں کا روزہ رکھا جائے۔‘‘ واضح رہے کہ بغرضِ احتیاط نو اور دس دونوں کا روزہ رکھنے کا یہ معنی ہرگز نہیں کہ صرف نو کا روزہ رکھنے والوں کے خلاف فتویٰ بازی کی جائے بلکہ صرف نو کے روزہ کی گنجائش بھی بہرحال موجود ہے۔ (واللہ اعلم)