کتاب: محدث شمارہ 268 - صفحہ 46
تخریب کاری کا ایک غیر متناہی سلسلہ چل نکلتا ہے۔ اس لئے امن و امان کے قیام کے لئے ہمیں ان تمام پہلوؤں پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہئے۔اور یہ بھی یاد رکھنا چاہئے کہ اسلام کی نگاہ میں خونِ مسلم کی حرمت انتہائی اہم حیثیت رکھتی ہے۔ 2. محرم کے روزوں کی فضیلت رمضان المبارک کے روزے سال بھر کے دیگر تمام روزوں سے افضل ہیں ۔ البتہ رمضان کے ماسوا محرم کے روزوں کی فضیلت سب سے بڑھ کر ہے جیسا کہ درج ذیل صحیح احادیث سے ثابت ہے : 1. حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’أفضل الصيام بعد رمضان: شهر الله المحرم وافضل الصلاة بعد الفريضة:صلاة الليل‘‘ (مسلم: کتاب الصیام: باب فضل صوم المحرم؛۱۱۶۳) ’’رمضان المبارک کے بعد اللہ کے مہینے محرم کے روزے سب روزوں سے افضل ہیں اور فرض نماز کے بعد سب سے افضل نماز آدھی رات (یعنی تہجد) کے وقت پڑھی جانے والی نماز ہے۔‘‘ 2. صحیح مسلم ہی کی دوسری روایت میں ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کیا گیا کہ ’’أي الصلاة افضل بعد المکتوبة وأي الصيام أفضل بعد شهر رمضان؟‘‘ ’’فرض نمازوں کے بعد کون سی نما زسب سے افضل ہے اور رمضان المبارک کے بعد کون سے روزے سب سے افضل ہیں ؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے وہی جواب دیا جو پہلی حدیث (مسلم؛ ۱۱۶۳) میں مذکور ہے۔‘‘ 3. حضرت علی سے مروی ہے کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے ایک آدمی نے عرض کیا: ’’ اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ! اگر رمضان کے علاوہ کسی مہینے میں ، میں روزے رکھنا چاہوں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کس مہینے کے روزے میرے لئے تجویز فرمائیں گے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اگر تو رمضان کے علاوہ کسی مہینے میں روزے رکھنا چاہے تو محرم کے مہینے میں روزے رکھنا کیونکہ یہ اللہ تعالیٰ کا مہینہ ہے۔ اس میں ایک دن ایسا ہے کہ جس دن اللہ تعالیٰ نے ایک قوم کی توبہ قبول فرمائی اور ایک قوم کی توبہ (آئندہ بھی) قبول فرمائیں گے۔‘‘ (ترمذی: کتاب الصوم، باب ماجاء فی صوم المحرم ؛ ۷۴۱)