کتاب: محدث شمارہ 267 - صفحہ 34
مزید حواس باختہ کردیا۔ چنانچہ ان لوگوں نے طویل غوروخوض کے بعد متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور ان کے خاندان کو محصور کرکے تباہ کردیاجائے، چنانچہ تمام قبائل نے ایک معاہدہ کیاکہ کوئی شخص خاندانِ بنی ہاشم سے قربت کرے گا، نہ ان کے ہاتھ خریدوفروخت کرے گااورنہ ہی ان کے پاس کھانے پینے کا سامان جانے دے گا۔یہ معاہدہ لکھ کر کعبۃ ﷲ کے دروازے پر آویزاں کردیاگیا۔(۲۹) جناب ابوطالب مجبو ر ہوکر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور تمام خاندانِ بنی ہاشم سمیت شعب ِابی طالب میں محرم سن۷نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں محصور ہوگئے۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے خاندان سمیت اس حصار میں تین سال بسر کئے۔ ایامِ حج میں چونکہ تمام لوگوں کو اَمن تھا، اس لئے حج کے موسم میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم شعب ِ ابی طالب سے باہر نکل کر مختلف قبائل عرب کو دعوت دیتے، جبکہ باقی اوقات میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم اسی گھاٹی میں مسلمانوں کی تربیت فرماتے۔شعب ِابی طالب میں خاندانِ بنی ہاشم کے علاوہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی موجودگی کے اشارات بھی ملتے ہیں ۔امام سُہَیْلِی نے سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ کا بیان نقل کیا ہے…سعدبن ابی وقاص رضی اللہ عنہ خود بھی محصورین میں شامل تھے… وہ فرماتے ہیں : لقد جُعت حتی أنی وطئت ذات ليلة علی شيیٔ رطب ووضعته فی فمی وبلعته وما أدری ما هو إلی الان(۳۰) ’’میں ایک دن از حد بھوکا تھا، رات کو اندھیرے میں میرا پاؤں کسی گیلی چیز پر آگیا۔ میں نے اسے اُٹھا کر منہ میں ڈالا اور نگل لیا۔مجھے اتنی ہوش بھی نہ تھی کہ میں پتہ کرتا کہ وہ کیا چیز ہے اور اب تک مجھے اس کے بارے میں کوئی علم نہیں ۔‘‘ اسی طرح حضرت عتبہ بن غزوان رضی اللہ عنہ نے ایک دفعہ خطبہ جمعہ میں ارشاد فرمایا: فلقد رأيتنی سابع سبعة مع رسول اللّٰه صلی اللہ علیہ وسلم ، ما لنا طعام نأکله إلا ورق الشجر، حتی قرحت أشداقنا (۳۱) ’’میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ساتواں مسلمان تھااور ہمارے پاس کھانے کے لئے درختوں کے پتوں کے سوا کچھ نہ تھا، حتیٰ کہ ہمارے جبڑے زخمی ہوگئے۔‘‘ یہ اور اسی نوعیت کی وہ تمام حدیثیں جن میں صحابہ رضی اللہ عنہم کی زبان سے مذکورہے کہ ہم گھاس اور پتے کھا کر گزر بسر کرتے تھے، یہ اسی زمانہ کا واقعہ ہے ۔ اس نوع کی احادیث سے جہاں محصوری کے اس دور میں صحابہ کرامٔ رضی اللہ عنہ کی مشکلات کا پتہ چلتاہے وہاں شعب ِ ابی طالب میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی