کتاب: محدث شمارہ 266 - صفحہ 62
پامالی سے بچنے کے لئے محققین نے صرف ان بار آور بیضوں کو اپنے تجربات کے لئے منتخب کیا جن کے مکمل جنین بننے اور پیدا ہونے کے امکانات بالکل نہ تھے۔(۲۶) 3. معالجاتی کلوننگ (Theraputic Cloning) کلوننگ کی تیسری قسم معالجاتی کلوننگ کہلاتی ہے، معالجاتی کلوننگ کے ابتدائی مراحل وہی ہیں جو بالغ ڈی این اے (Adult DNA) کے ہیں اور جس کے نتیجے میں بننے والے جنین (Embryo) کو ۱۴ دنوں تک کے لئے بڑھنے دیا جاتا ہے۔ ’معالجاتی کلوننگ‘ کسی بیمار شخص کے جسم سے بالغ ڈی این اے لے کر مصنوعی طریقے پر اس سے مکمل عضو یا اعضا (دل، لبلبہ، جگر وغیرہ) بنا کر اس بیمار شخص کے جسم میں اس کی پیوندکاری کرنے کے عمل کا نام ہے۔ معالجاتی کلوننگ اگرچہ ابھی تک تصوراتی ہے تاہم سائنسدان اس کو عملی جامہ پہنانے کے لئے برابر تحقیق میں لگے ہوئے ہیں اور کسی حد تک اس کی ابتدائی مشکلات پر قابو بھی پالیا گیا ہے۔ معالجاتی کلوننگ میں وہ جنین استعمال ہوگا جس کے لئے جسمانی خلیہ( Somatic Cell) کا مرکزہ استعمال کیا گیا اور پھر اسی جنین کے ابتدائی خلیات (Stem Cells) حاصل کئے گئے ہوں ۔