کتاب: محدث شمارہ 266 - صفحہ 57
(Endometrium) سے چپک جاتا ہے اور پھر رحم مادر میں نشوونما کے مزید مختلف مراحل سے گزر کر ایک خوبصورت بچے کی شکل میں اس دنیا میں نمودار ہوجاتا ہے ﴿ فَتَبَارَکَ اللّٰهُ اَحْسَنُ الْخَالِقِيْنَ﴾ (۱۵) رحم مادر میں انسانی جنین (Embryo) کے فطری طریقہ تخلیق کے مراحل کو بالاختصار سمجھنے کے بعد قارئین کے لئے اب سائنسی طریقہ تخلیق یعنی کلوننگ (Cloning) کو سمجھنا نسبتاً آسان ہوجائے گا۔ کلوننگ (Cloning) کیا ہے؟ کلون (Clone) کے لفظی معنی ہم شکل اور مماثل کے ہیں ۔(۱۶) اور کلوننگ سے مراد تخلیق کا وہ غیر فطری طریقہ کار ہے جس کے ذریعے ایک ہی طرح کے حیوانات یا ان کے اعضا جزوی یا مکمل طور پر کثیر تعداد میں بنائے جاسکتے ہیں ۔(۱۷) گویا کلوننگ جینیاتی ٹیکنالوجی کی وہ قسم ہے جس میں سالمہ(Molecule) یا جانور یا پودوں کی بہت ساری نقول بنائی جاسکتی ہیں ۔ کلون ہمیشہ ایک دوسرے کی ہوبہو کاپیاں ہوتی ہیں ۔ عام طور پر ایسے انسانوں / جانوروں یا پودوں کو کلون کرنا مقصود ہوتا ہے جو غیر معمولی خصوصیات کے حامل ہوں ۔(۱۸) کلوننگ ایک سائنسی اصطلاح ہے جو گذشتہ پچاس سال سے سائنسدانوں کے ہاں استعمال ہوتی رہی ہے۔ لیکن اس اصطلاح کو عوامی سطح پر اس وقت زیادہ پذیرائی حاصل ہوئی جب ۲۳/ فروری ۱۹۹۷ء کو روزنامہ ’آبزرور‘ میں شہ سرخی کے ساتھ یہ خبر شائع ہوئی کہ سکاٹ لینڈ