کتاب: محدث شمارہ 266 - صفحہ 55
سے مختلف ہوتے ہیں ۔ بعض اتنے چھوٹے کہ عام خوردبین سے بھی نظر نہیں آتے اور بعض اتنے بڑے کہ عام انسانی آنکھ سے بآسانی دیکھے جاسکتے ہیں ۔(۸) کروموسوم (Chromosomes) ہر خلئے کے اندر مرکزہ (Nucleus) میں دھاگے کے مانند چھوٹے اجسام ہوتے ہیں ۔ یہ چھوٹے اجسام کروموسوم کہلاتے ہیں ۔ ان کروموسوم کو صرف خلئے کی تقسیم کے وقت دیکھا جاسکتا ہے اور جب خلیہ حالت ِاستقرار (Inter Phase) میں ہوتا ہے تو یہ کروموسوم مرکزہ (Nucleus) میں بہت باریک دھاگوں کی شکل میں پڑے رہتے ہیں ۔(۹) جین (Gene) جینز (Genes) کروموسوم میں تسبیح کے دانوں کے مثل قطار میں پڑے ہوئے ننھی منھی مخلوق کا نام ہے جو خصوصیات کو ایک نسل سے دوسری نسل میں منتقل کرنے کے ذمہ دار ہوتے ہیں ۔ ساخت کے اعتبار سے جینز ایک خاص قسم کے اُس ’مالکیول‘ کا حصہ ہوتے ہیں جسے DNA کہا جاتا ہے۔ ایک خلئے میں DNA کے اربوں یونٹ ہوتے ہیں ۔ (۱۰) جین جو DNA کا حصہ ہوتا ہے، وہ ایک پیام رساں آر این اے (Messenger RNA) کے ذریعے پروٹین کے ایک پولی پپٹائیڈ(Polypeptid) کے سلسلے کے کیمیائی عمل (Synthesis) کو چلاتا ہے۔