کتاب: محدث شمارہ 263 - صفحہ 389
جوابات دیئے۔اس کی شہادت جماعتی اخبارات ورسائل یعنی اہلحدیث امرتسر، تنظیم اہلحدیث روپڑ،اخبارِ محمدی دہلی،ماہنامہ ’محدث‘ دہلی، ’اہلحدیث گزٹ‘ دہلی، ’مسلمان‘ سوہدرہ،’الاعتصام‘ لاہور، ’اہلحدیث‘ لاہور، ’ترجمان الحدیث‘ لاہور، فیصل آباد ،’ الاسلام‘ لاہور، ماہنامہ ’محدث‘ لاہور، اور ’صحیفہ اہلحدیث‘ کراچی سے مل سکتی ہے۔ ذیل میں اہل حدیث علما کی اس ضمن میں تحریری خدمات کی ایک مختصر فہرست پیش کی جاتی ہے ، جس میں زمانی ترتیب ملحوظ رکھی گئی ہے: مولانا عبدالستار عمر پوری [م ۱۳۳۴ھ بمطابق ۱۹۱۶ء] اثبات المنجد:اس کتاب میں منکرین حدیث کے اعتراضات کاجائزہ لیا گیا ہے۔ مولانا عبدالرحمن محدث مبارکپوری رحمۃ اللہ علیہ [م ۱۳۵۳ھ بمطابق ۱۹۳۵ء] 1. اعلام اہل الزمن من تبصرہ آثار السنن (اُردو) :مولوی ظہیر احسن شوق نیموی کی کتاب آثار السنن کے جواب میں ہے۔مولوی ظہیر احسن نے حدیث کے سلسلہ میں بے شمار غلطیاں کیں ، ان کی نشاندہی کی گئی ہے۔ 2. ابکار المنن فی تنقید آثار السنن (عربی) :ظہیر احسن کی کتاب ’آثار السنن‘ کی تردید میں ہے۔ مولانا ابو القاسم سیف بنارسی [م ۱۳۶۹ھ] مولوی محمد کریم لکھنؤی ایک غالی بریلوی تھے اور صر ف نام کے مولوی تھے۔ زیادہ پڑھے لکھے نہیں تھے۔ انہوں نے امام محمد بن اسمٰعیل بخاری کی کتاب ’جامع صحیح بخاری‘ پر بے جا قسم کے اعتراضات کئے اور اس میں کئی ایک کتابیں اور اشتہارات شائع کئے۔ مولانا شمس الحق عظیم آبادی صاحب ِعون المعبود کی تحریک پر ان کے تلمیذ ِخاص مولانا ابوالقاسم سیف بنارسی نے مولوی عمر کریم لکھنوی کی تمام کتابوں اور اشتہارات کا جواب دیا۔ جن کی تفصیل یہ ہے : 1. حل مشکلات بخاری مسمی بہ الکوثر الجاری فی جواب الجرح علی البخاری:یہ کتاب چار جلدوں میں ہے،تین جلدیں شائع ہوئیں چوتھی جلد شائع نہیں ہو سکی۔ چوتھی جلد کا قلمی نسخہ مولانا بدیع الدین شاہ راشدی کے کتب خانہ میں محفوظ ہے۔ 2. الامر المبرم للابطال الکلام المحکم: یہ کتاب ڈاکٹر عمر کریم کے جامع صحیح بخاری پر ۱۷۵/اعتراضات کا جواب ہے۔ 3. ماء حمیم للمولوی عمرکریم : ڈاکٹر عمر کریم کے ۱۲ سوالات کا جواب 4. صراطِ مستقیم لہدایۃ عمرکریم :مولوی عمر کریم کے اشتہار نمبر ۲ کا جواب 5. الریح العقیم لعمرکریم:صحیح بخاری پر ۵۹/ اعتراضات کا جواب