کتاب: محدث شمارہ 263 - صفحہ 372
۲۱۔برقِ اسلام [ازمولانا محمد شرف الدین محدث دہلوی(خانیوال) ۲۲۔ برصغیر پاک وہند میں احیائِ سنت کی مساعی ( از حافظ عبدالرحمن مدنی،۱۹۹۹ء) إطلاعة علی جهود علماء السنة والحديث فی شبه القارة الهندية:عربی زبان کا یہ مقالہ مدیراعلیٰ’محدث‘ لاہور نے مراکش میں شاہ حسن دوم رحمۃ اللہ علیہ کے زیر اہتمام ہر سال رمضان المبارک میں منعقد ہونے والے ’دروسِ حسنیہ‘ کے سلسلہ میں پیش کیا۔ جس میں دنیا بھر سے ممتاز اہل علم/دانشور شرکت کرتے ہیں اور شاہی محل میں شاہ مراکش کی صدارت میں چیدہ چیدہ علما اور زعمائِ مراکش کی ایک تعداد بھی موجود ہوتی ہے ۔ یہ مقالہ برصغیر پاک وہند کی ’تحریک ِاہل حدیث ‘ کے ارتقا کے پس منظر میں شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ اور کتاب وسنت سے براہِ راست وابستگی کے مشن کو فروغ دینے والے کبار ’خدامِ سنت ‘ کی مختصر جھلکیوں پر مشتمل ہے ۔غالباً یہ اسلامی مغربِ اقصیٰ میں تیرھویں اور چوھودیں ہجری کے ممتاز علما کا سرکاری سطح پر پہلا تعارف ہے۔ ۲۳۔ بصائر السنۃ [از مولانا سید محمد امین الحق، (شیخوپورہ، ۱۹۵۵ء) حجیت ِحدیث کتاب کا ضابطہ اطاعت اور رسالت ِمآب علیہ الصلوٰۃ والسلام کی پیغمبرانہ حیثیت، اتباعِ قرآن و حدیث کا باہمی ربط، تدوین حدیث نیز منکرین حدیث کے اعتراضات کے مسکت جواب کی حامل کتابِ ہذا کا حصہ اوّل دستیاب ہوا، حصہ دوم تک رسائی نہ ہوسکی۔ ۲۴۔ پرویز کا اسلام [ازمنشی عبدالرحمن خان (کراچی) متاثرین ِپرویز کو راہِ ہدایت دکھانے کی غرض سے عقائد و افکارِ پرویز پر جستہ جستہ نگاہ ڈالی ہے۔ ۲۵۔ پرویز نے کیا سوچا ؟ [از ڈاکٹر سبطین لکھنوی (کراچی) غلام احمد پرویز صاحب کے عقائد و افکار کا تفصیلی نقشہ ان کے لٹریچر سے باحوالہ پیش کیا گیا ہے۔ ۲۶۔ تاریخ اہل حدیث [مولانا حافظ محمد ابراہیم سیالکوٹی، (لاہور، ۱۹۵۳ء) تاریخ اہلحدیث کا دوسرا حصہ (صفحہ ۲۹۰ تا ۳۰۶) کتابت ِحدیث و تدوین حدیث کے حوالے سے لکھا گیا ہے اور اس میں مولانا میر صاحب نے اس پہلو پر خوب محققانہ اور مؤرخانہ انداز میں منکرین حدیث کا ردّ کیاہے۔