کتاب: محدث شمارہ 263 - صفحہ 363
۱۔ ’آئینۂ پرویزیت‘ از مولانا عبدالرحمن کیلانی رحمۃ اللہ علیہ : یہ چھ اجزاء اور ۱۰۰۸ صفحات پر مشتمل پرویزیت اور انکارِ حدیث کے جواب میں ایک لاجواب کتاب ہے۔ ۲۔ ’حجیت ِحدیث‘ از شیخ الحدیث مولانا محمد اسماعیل سلفی رحمۃ اللہ علیہ : منکرین حدیث کے ردّ میں ۲۰۲ صفحات پر مشتمل انتہائی مدلل اور جامع کتاب ہے جس میں بڑے عمدہ اسلوب میں منکرین حدیث کے شبہات کا ردّ کیا گیا ہے۔ ۳۔ ’حجیت ِحدیث‘ از محدث العصر علامہ محمد ناصر الدین البانی رحمۃ اللہ علیہ : یہ علامہ البانی کی کتاب کا اُردو ترجمہ ہے جو قیمتی فوائد پر مشتمل ہے۔ادارۂ محدث ، لاہور نے اسے شائع کیا ہے۔ ۴۔ ’انکارِ حدیث حق یا باطل؟‘ از مولانا صفی الرحمن مبارکپوری: منکرین حدیث کے ردّ میں انتہائی عمدہ اور مفید کتابچہ ہے۔ ۵۔ ’قولِ فیصل ‘از محمد طیب مدنی (انڈیا): منکرین حدیث کے ردّ میں ۱۲۷ صفحات پر مشتمل بہترین کتاب ہے۔ علاوہ ازیں اس موضوع پر لکھنے والے رسائل و جرائد ماہنامہ ’محدث‘ لاہور، ہفت روزہ ’الاعتصام‘، ماہنامہ ’السراج‘ انڈیا، ’البلاغ‘ انڈیا اور’نوائے اسلام‘ انڈیا، وغیرہ کی تقسیم۔ 3. کیسٹ : مرکز اس سلسلے میں شیخ الحدیث مولاناسلطان محمود رحمۃ اللہ علیہ محدث جلالپور پیروالہ، شیخ الحدیث حافظ عبدالستار حماد، حضرت شاہ بدیع الدین شاہ راشدی رحمۃ اللہ علیہ ، پروفیسر عبداللہ ناصر رحمانی، حافظ عبدالسلام بھٹوی، مولانا عبدالعزیز نورستانی اور شیخ الحدیث حافظ ثناء اللہ مدنی کے کیسٹ تقسیم کرچکا ہے۔ مولانا احمد علی سراج صاحب نے بھی اپنے خطبات میں اس فتنے کا بھرپور ردّ کیا اورفرقہ پرویزیت کو کافر قرار دلوانے میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا ۔ انہوں نے وزارتِ اوقاف، کویت میں استفتا پیش کیا اور اسی دوران پرویزیت کے بارے میں مفتی عالم اسلام شیخ عبدالعزیز بن باز رحمۃ اللہ علیہ کا فتویٰ بھی شائع ہوچکا تھا لہٰذا کویت کی وزارتِ اوقاف نے ۲۲/ جمادی الآخرۃ ۱۴۱۹ھ بمطابق۱۲/اکتوبر۱۹۹۸ء کو فتویٰ جاری کیا کہ ’’غلام احمد پرویز کے عقائد باطل اور گمراہ کن ہیں اور اسلامی عقیدے کے منافی ہیں اور ہر وہ شخص جو ان عقائد پر ایمان رکھتا ہو، وہ کافر اور اسلام سے خارج ہے۔‘‘ اور اس پر دارلافتاء وزارت اوقاف، کویت کے چیئرمین مشعل مبارک عبداللہ احمد الصباح کے دستخط اور مہر ہیں … مولانا غلام محمد منصوری جن کا تعلق اسلامک ایجوکیشن سوسائٹی، کویت سے ہے، ممتاز عالم دین ہیں ۔ منکرین حدیث کے شبہات کی تردید میں ان کی خدمات بھی قابل قدر ہیں ۔ اللہ تعالیٰ تمام علماء کو جزائے خیر عطا فرمائے اور دین کی حفاظت کی فریضہ انجام دینے کی زیادہ سے زیادہ توفیق مرحمت فرمائیں ۔