کتاب: محدث شمارہ 263 - صفحہ 171
’’خدا اس قوت کا نام ہے جو سب کی مسبّب ہے۔‘‘ (انسان نے کیا سوچا،ص۳۸۷) اسلامی تعلیمات کی بنیاد ایمان باللہ پر ہے، اس لئے مسٹرپرویز نے نظریہ خدا کو لوگوں کے دلوں میں سے مسخ کرنے کے لئے سرتوڑ کوشش کی، اور اس بارے میں وہ مختلف تضادات کا شکار ہوئے ہیں ، کبھی وہ خدا کو مرکز ِحکومت بناتے ہیں اور کبھی اسے معاشرہ اور کبھی قوت کہتے ہیں ۔ لیکن اول ُالذکر نظریہ اس کے نزدیک راجح معلوم ہوتا ہے ، اس لئے اس پر اس نے دلائل پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ان دلائل کا جائزہ ہم سابقہ صفحات میں ذکر کر آئے ہیں جس سے یہ بات کھل کر سامنے آگئی ہے کہ مرکز ِملت یا مرکز ِحکومت کو خدا بنا کر مسٹرپرویز دائرہ اسلام سے خارج ہوچکے ہیں کیونکہ کوئی مسلمان کسی مرکز یا معاشرے کو خدا بنانے کی جسارت نہیں کرسکتا۔ آخر میں ہم اللہ تعالیٰ کے بارے میں امام راغب کی المفردات کا اقتباس نقل کرتے ہیں ، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ لفظ اللہ کو مخلوقات میں سے کسی فرد و معاشرہ کے لئے استعمال کرنا جائز نہیں ہے اور المفردات راغب وہ کتاب ہے جسے مسٹر پرویز کی طرف سے بھی شرف ِقبولیت حاصل ہوچکا ہے۔ جیسا کہ انہوں نے لکھا ہے: ’’مفردات امام راغب کے علاوہ، نظر سے کوئی ایسی کتاب نہیں گزری جسے خالص قرآنی الفاظ کا لغت کہا جاسکے‘‘ (لغات ُالقرآن، ج۱ ص۲۰) یہی امام راغب رحمۃ اللہ علیہ ’الٰہ‘ کے مادہ کے تحت لفظ ’اللہ‘ کے بارہ میں فرماتے ہیں : خُصّ بالباری تعالیٰ ولِتخصّصه به قال تعالیٰ﴿هَلْ تَعْلَمُ لَهٗ سَمِيًّا﴾ ’’لفظ ’اللہ‘ ذاتِ باری تعالیٰ کے ساتھ خاص ہے اور اس کی خصوصیت کی دلیل اللہ تعالیٰ کا یہ ارشاد ہے ’’بھلا تم اس کا کوئی ہم نام پاتے ہو؟‘‘ (المفردات، ص۲۱) امام راغب رحمۃ اللہ علیہ کی طرح تمام اہل اسلام لفظ ’اللہ‘ کو اس ذات ِباری تعالیٰ کاذاتی نام مانتے ہیں جو اپنی مخلوقات سے بلند عرش پر مستوی ہے، اور اس لفظ کو خالق کائنات سے مخصوص سمجھتے ہیں اور اس کا استعمال مخلوق میں سے کسی فرد یا جماعت کے لئے حرام جانتے ہیں ، لیکن مسٹر پرویز کا لفظ ’اللہ‘ کو مخلوق میں سے مرکز ِحکومت یا مرکز ِملت کے لئے استعمال کرنا، کبھی اس سے معاشرہ اور کبھی قوت مراد لینا ان کی منافقت کی دلیل ہے، چونکہ اس قسم کے نظریات انہوں نے مستشرقین کی تالیفات سے اَخذکئے ہیں جو قرآن اور اسلام کو ان کی تحریف ِمعنوی کرنے کے لئے پڑھتے ہیں اور وہ سب کافر و ملحد اور دائرہ اسلام سے خارج ہیں ، تو ان کے نقش قدم پر چل کر قرآن اور اسلام کی تحریف معنوی کرنے والاغلام احمد پرویز مسلمان کیسے ہوسکتا ہے؟‘‘