کتاب: محدث شمارہ 263 - صفحہ 169
طرح قاضی اپنے ذاتی کیس کا فیصلہ خود نہیں کرسکتا، اسی طرح امامِ وقت سے بھی لازماً ’اللہ و رسول‘ مرادنہیں ہوسکتا۔ اللہ اور رسول سے مراد ’مرکز ِملت‘ ہے … پرویزؔ مسٹر پرویز نے اپنی پوری کوشش ’’اللہ و رسول‘‘ کی اطاعت و فرمانبرداری سے لوگوں کو ہٹانے میں صرف کردی، اور ان مقدس کلمات کے مفاہیم کو بگاڑنے میں دن، رات وہ کو لہو کے بیل کی طرح جتے رہے اور قرآنِ کریم کی تحریف ِمعنوی کرنے کے لئے انہوں نے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں جانے دیا۔ قرآنی آیت ﴿ يٰاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا اَطِيْعُوْا اللّٰهَ وَاَطِيْعُوْا الرَّسُوْلَ وَاُوْلِیْ الْاَمْرِمِنْکُمْ﴾ کے الفاظ پر اپنا کافرانہ موقف مسلط کرتے ہوئے لکھتے ہیں : ’’اس آیت ِمقدسہ کا مفہوم بالکل واضح ہے، اس میں ’اللہ و رسول‘ سے مراد مرکز ِملت یعنی نظامِ خداوندی (Central Authority) اور اولوالامر سے مفہوم افسرانِ ماتحت ہیں ۔‘‘ اس سے ذرا آگے چل کر وہ مزید کھل کر سامنے آتے ہیں ’’قرآنِ کریم میں مرکز ِملت کو ’اللہ اور رسول‘ کے الفاظ سے تعبیر کیا گیا ہے۔‘‘ (معراجِ انسانیت از پرویز: ص۳۲۲،۳۲۳) مسٹر پرویز نے چونکہ مرکزی حکومت کو اپنا اللہ اور رسول بنا لیا تھا، اس لئے قرآنِ کریم میں جہاں اللہ تعالیٰ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کا حکم دیا گیا ہے وہاں اس کے نزدیک مرکزی حکومت کی اطاعت وفرمانبرداری مراد ہے۔ جیسا کہ اس نے لکھا ہے : ’’حکومت کے انتظامی امور کے لئے ایک مرکز ہوگا اور اس مرکز کے ماتحت افسرانِ مجاز، قرآنِ کریم میں اس کے لئے ’خدا اور رسول‘ کی اصطلاح آئی ہے یعنی وہ نظامِ خداوندی جسے رسول اللہ نے متشکل فرمایا، خدا اور رسول کی اطاعت سے مقصو د اسی مرکز ِحکومت ِخداوندی کی اطاعت تھی۔‘‘ (قرآنی قوانین، ص۶) دوسرے مقام پر لکھتا ہے: ’’رسول اللہ کے بعد خلیفۃُ الرسول رسول ُ اللہ کی جگہ لے لیتا ہے، اب خدا اور رسول کی اطاعت سے مراد اسی جدید مرکز ِحکومت کی اطاعت ہوتی ہے۔‘‘ (معراجِ انسانیت: ص۳۵۷) مسٹر پرویز ساری زندگی بے عقلی کی باتیں کرتے رہے اور اپنی کتابوں میں جابجا ایسی باتیں لکھ کر عقل کا منہ چڑاتے رہے، جبکہ ایک عقلمند انسان بشرطیکہ وہ مسلمان بھی ہو بخوبی جانتا ہے کہ اللہ اور رسول کے مقدس کلمات ایسی اصطلاحات نہیں ہیں جنہیں جس پر چاہیں منطبق کردیں ، بلکہ لفظ ’اللہ‘ نام ہے اس ذات مقدس کا جو واجب ُالوجود ہے، عرش پر مستوی اوروحی نازل کرنے والا ہے اور رسول اللہ سے مراد وہ