کتاب: محدث شمارہ 263 - صفحہ 160
تحقیق وتنقید مولانا محمد رمضان سلفی ( مسٹر غلام احمدپرویز کے کفریہ عقائد کویت سے شائع ہونے والے اخبار ’الایمان‘ کے دسمبر ۱۹۹۸ء کے شمارہ میں سعودی عرب کے مفتی ٔاعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ بن باز رحمہ اللہ کا غلام احمد پرویز اور اس کے حواریوں کے بارے میں ایک فتویٰ شائع ہوا تھا جس میں مفتی صاحب نے پرویز کے عقائد و نظریات معلوم ہونے کے بعد اُسے اور اس کے پیروکاروں کو کافر قرار دیا تھا۔ زیر نظر مضمون میں ہم چاہتے ہیں کہ مسٹر پرویز اور اس کے متبعین کے اعتقادات ان کی اپنی کتابوں کے حوالہ جات سے منظر عام پر لائیں تاکہ قارئین کو معلوم ہوسکے کہ واقعی آنجہانی پرویز اور اس کے حواری کفریہ عقائد کے علمبردار ہیں ، اور ان کے کفر و ارتداد میں کوئی شک و شبہ نہیں ہے، اور شیخ ابن باز نے ان کے کافر اور مرتد ہونے کا جو فتویٰ دیا ہے، بالکل برحق اور سچ ہے۔ کیونکہ مسٹر پرویز کی خودنوشت کتابیں ان کے کفریہ عقائد کی تصدیق کرتی ہیں اور اس کے افکار ان لوگوں کے ملحد و مرتد ہونے کو ثابت کرتے ہیں ۔ اہل اسلام کے ہاں یہ بات مسلم ہے کہ اسلام کے بنیادی عقائد حسب ِذیل ہیں : اللہ تعالیٰ پر ایمان لانا، حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت و رسالت پر ایمان لانا، یومِ آخرت پر ایمان، فرشتوں پر ایمان اور قرآنِ کریم پر ایمان لانا وغیرہ … یہ ایسے عقائد ہیں جن کے اِقرار و تصدیق سے کوئی شخص مسلمان ہوتا ہے اور ان عقائد کا انکار کرنے والا یا ان کی من پسند تحریف کرنے والا شخص کافر اور دائرۂ اِسلام سے خارج ہوجاتا ہے۔ لہٰذا آئندہ سطور میں اس بات کو واضح کیا جائے گا کہ امت ِمسلمہ کے نزدیک ان عقائد سے کیا مراد ہے ، اور مسٹر پرویز اور اس کے پیروکار کیسے ان عقائد کو مسخ کرنے کی مذموم کوشش میں مصروف ہیں ۔ (1) ایمان باللہ ذاتِ الٰہی کے بارے میں امت ِمسلمہ کا متفقہ عقیدہ اللہ تعالیٰ کی ذات پر ایمان لانے کو دین اسلام میں بنیادی اہمیت حاصل ہے جس سے کوئی مسلمان
[1] نائب شیخ الحدیث جامعہ لاہور الاسلامیہ ( رحمانیہ ) ، نیوگارڈن ٹاؤن لاہور