کتاب: محدث شمارہ 262 - صفحہ 17
ایمان و عقائد مولانا عبد الرحمن کیلانی رحمۃ اللہ علیہ ’توسل واستعانت‘کیا ہے ؟ ادارۂ محدث کے رکن حضرت مولاناعبد الرحمن کیلانی رحمۃ اللہ علیہ کی شخصیت اور علمی خدمات کے تعارف پر مبنی مضامین محدث میں شائع کرنے کے علاوہ آپ کے وِرثہ علمی کو محفوظ کرنے کے لئے مختلف رسائل میں شائع ہونے والے آپ کے تمام مقالہ جات،کتب کی فہرستیں اوران پر سیر حاصل تبصرے محدث میں باقاعدگی سے شائع ہوتے رہے ہیں ۔ادارۂ محدث میں آپ کی مفصل تفسیر ’تیسیر القرآن ‘ کی کتابت او رتدوین کا کام مکمل ہونے کے بعد الحمد للہ اب اس تفسیر کی مکمل چاروں جلدیں شائع ہوکر منظر عام پر بھی آچکی ہیں ۔ آپ کی رِحلت پر آپ کے بعض مضامین ایسے تھے جن کی آپ بوجوہ تکمیل نہ فرماسکے تھے۔ امسال ادارۂ محدث نے ان مقالات کی اچھی طرح تکمیل اور ان میں ضروری اضافہ جات کے بعد انہیں بھی شائع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو نامکمل ہونے کی و جہ سے اب تک شائع نہیں ہوسکے تھے۔ مجلس التحقیق الاسلامی میں کام کرنے والے فضلا نے انہیں مکمل کیا ہے۔ چنانچہ اسی نوعیت کا ایک طویل مقالہ بعنوان ’’شرک اور اس کی مروّ جہ صورتیں ‘‘ محدث کے جنوری اور مارچ کے شماروں میں بالاقساط شائع ہوچکا ہے۔ ’توسل واستعانت‘ کے موضوع پر زیر نظر مضمون بریلی کے ایک بزرگ کے رسالہ کا جواب ہے جو اُدھورا رہ گیا تھا۔ مجلس التحقیق الاسلامی کے ریسرچ سکالر حافظ مبشر حسین نے اس جواب کا دوسرا حصہ خود تحریر کیا ہے جو آئندہ شمارے میں شائع ہوگا۔ جبکہ اس مقالہ میں بعض مقامات پر انہوں نے بعض اضافہ جات کئے ہیں ۔ تحقیقی تقاضوں کی تکمیل کے لئے ان اضافہ جات کے دائیں طرف ایک خط لگا دیا گیا ہے تاکہ وہ مولانا کیلانی کی تحریر سے ممتاز ہوجائیں ۔ (حسن مدنی) ہر مسلمان روزانہ اپنی نمازوں کے دوران سورۂ فاتحہ کی اس آیت ﴿ إِيَّاكَ نَعْبُدُ وَإِيَّاكَ نَسْتَعِينُ﴾(الفاتحہ: ۴)کو بیسیوں دفعہ دہراتا ہے۔ اس آیت میں إیاک کے الفاظ سے جو مفہوم ابھرتا ہے، وہ یہ ہے کہ ’’(اے اللہ) ہم صرف تیری ہی عبادت کرتے ہیں اور تجھ سے ہی مدد چاہتے ہیں ۔‘‘ اس مکرر اقرار کے باوجود بہت سے مسلمان غیر اللہ سے استعانت چاہتے ہیں ، پھر وہ اپنے اس فعل کو جائز ہی نہیں بلکہ مستحسن قرار دیتے ہیں اور اس کے لئے کچھ دلائل بھی پیش فرماتے ہیں ۔ یہاں ہم انہی دلائل کا جائزہ لینا چاہتے ہیں ۔اسی سلسلہ میں چند ماہ پیشتر میرے ایک دوست نے مجھے مرکزی مجلس رضا، لاہور کی مطبوعہ ایک کتاب ’’ندائے یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم الاستعانة والتوسل‘‘ از قلم اعلیٰ حضرت امام احمدرضا خان و محمدعبدالحکیم اشرف قادری، لاکر دی اور کہا کہ اس کتاب کو بنیاد بنا کران مسائل کو زیر بحث لایا جائے۔