کتاب: محدث شمارہ 260 - صفحہ 68
قرآنی تعلیمات کو عام کرنے کا جذبہ فراواں مرحوم نے قرآن و سنت کے نور کو عام کرنے کا عزم کیا اور اس کے لئے اپنی تمام تر ذ ہنی و جسمانی صلاحیتیں صرف کردیں ۔ جدید تعلیم یافتہ طبقہ کے اندر ایک انقلاب انگیز تبدیلی کی بنیاد رکھی۔ وہ اپنے اس جذبہ میں کس قدر پختہ اور مخلص تھے، اس کا اندازہ ان کے ان خیالات سے کیا جاسکتا ہے جس کا اظہار انہوں نے ایک سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فرمایا: ”ہم نے جو پہلے زندگی گزاری، وہ اپنی عمر کا ایک قیمتی حصہ تھا جو ضائع کرلیا۔ اب ہمیں قرآنِ حکیم کی تعلیمات کو عام کرنے کے لئے اپنے آپ کو وقف کرنا چاہئے۔“ تدریس قرآن کا منفرد اسلوب آپ نے تدریس قرآن اور عربی زبان کی تعلیم کا اچھوتا، منفرد ،سہل اور آسان فہم اسلوب اختیار کیا جس کی ا س دور میں مثال کم ہی نظر آتی ہے۔ انہوں نے عربی گرامر کو اردو /انگریز ی کی گرامر کی طرز پر آسان انداز سے پیش کیا۔ اور عربی اصطلاحات کا ترجمہ اردو اور انگلش گرامر کی اصطلاحات کی باہم مطابقت کے ساتھ بیان کرنے کا منفرد طرزِ تعلیم متعارف کرایا۔ ان کے اس طرزِ تعلیم کو تمام حلقوں میں پسندیدگی کی نظر سے دیکھا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے اس کورس سے ہزاروں طلبا، وکلا، ججز ، پروفیسر، سرکاری آفیسرز نے استفادہ کیا۔ ان کے ایک مداح جناب امین الرحمن ان کی شہادت پر اپنے ایک مضمون میں ان کے منفرد طرزِ تدریس پرتبصرہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں : ”میں ان کی کلاس میں ایک طالب علم کی حیثیت سے بیٹھا تو بلامبالغہ میں نے قرآن کے اسباق کا اچھوتا اور انتہائی آسان فہم انداز، عربی اصطلاحات کا ترجمہ، اردو اور انگلش گرامر کی اصطلاحات سے مطابقت کے ساتھ بیان کرنے کا ایسا انوکھا اور پیارا اسلوب دیکھا کہ اس سے پہلے کہیں مشاہدہ نہ کیا تھا۔ بلکہ میں نے ان کے سامنے زانوے تلمذ طے کرنے کا فیصلہ کرلیا۔“ ان کی وسعت ِظرفی اور روا داری مرحوم اگرچہ ابتدا میں علمی طور پر دوسرے فرقوں سے چشمک کا شکار رہے لیکن ’رحمانیہ‘ میں ان کا قیام غیر شعوری طور پر اعتدال کی راہ دکھاتا رہا ، آخر کار قرآنی عربی کی تدریس نے انہیں قرآن و سنت پر کاربند رہ کر فکر ی جمود اور فرقہ واریت سے کنارہ کشی کی صورت ہرمعاملہ میں وسعت ظرفی اور رواداری پر مائل کرلیا تھا، لہٰذا وہ اب اس بات کے شدید متمنی رہتے کہ ملک میں وسعت ِظرفی اور مذہبی رواداری کے جذبہ کو فروغ دیا جائے۔ چنانچہ انہوں نے اپنی شہادت سے چند روز قبل روزنامہ ’جنگ‘ کے تحت ہونیوالے ایک