کتاب: محدث شمارہ 260 - صفحہ 55
” حمد وثنا کے بعد ،کوئی شک نہیں کہ مسئلہ فلسطین ہر مسلمان کا اپنا مسئلہ ہے جس میں دو رائیں نہیں ہو سکتیں لیکن کلامِ الٰہی میں یہود کی عداوتِ مسلمین کے ساتھ ساتھ مشرکین کی عداوت کا بھی ذکر کیا گیا ہے ۔فرمایا: ﴿لَتَجِدَنَّ اَشَدَّ النَّاسِ عَدَاوَةً لِّلَّذِيْنَ آمَنُوْا الْيَهُوْدَ وَالَّذِيْنَ أَشْرَکُوْا﴾ ” ایمان والوں سے سب سے زیادہ دشمنی رکھنے والوں میں تم یہود کو پاوٴ گے اور مشرکین کو ۔“ اس دور کے مشرکین جوسرزمین ہند میں بتوں کے پجاری ہیں ، اس آیت کی کھلی تفسیر ہیں ۔ شرکاء کانفرنس! چشم تصور سے دیکھئے کہ غوغائیوں کا ایک ہجوم ہے جو ایک گھر سے میاں بیوی کو کھینچ کر باہر لاتا ہے اور ان کے بچوں کے سامنے انہیں پہلے مٹی کے تیل میں نہلا دیا جاتا ہے اور پھر ان کے بدن میں آگ لگا دی جاتی ہے ۔ مرد وعورت کو انتہائی سفاکی کے ساتھ زندہ جلا دیا گیا جو کہ لمحوں میں کوئلہ کا ڈھیر بن گئے، اور یہ قصہ صرف ایک مرد و زن کا نہیں بلکہ دو ہزار سے زائد ان مقہور ومظلوم انسانوں کا ہے جنہیں سر زمین گجرات پر موت اس عالم میں آئی کہ کسی کو آگ کھا گئی ، کوئی تلوار کا گھائل ہوا، کوئی بندوق کی گولی کا شکار ہوا اور کوئی کنویں کی نذر ہوا۔ دوسری طرف مسلم کشمیر میں چھ لاکھ سے اوپر ہندی فوج مسلمانوں کے سینوں پر دندنا رہی ہے، جہاں کہیں بھی کوئی فدایانہ کاروائی ہوتی ہے ، فوجی نواحی آبادی پر بھوکے کتوں کی طرح ٹوٹ پڑتے ہیں اور پھر بچے ، بوڑھے ، مرد اور عورتیں ان کا نشانہٴ اِنتقام بنتے ہیں ۔ رابطہ عالم اسلامی چونکہ ایک اسلامی پلیٹ فارم ہے، اس لیے میں مطالبہ کرتا ہوں کہ رابطہ کی طرف سے مختلف ممالک کے افراد پر مشتمل ایک وفد ترتیب دیا جائے جو خاص طور پر گجرات کا دورہ کرے اور عالم اسلام کو حقائق سے آگاہ کرے تا کہ ہم دوست اور دشمن کی پہچان کر سکیں اور یقینا اللہ انہی کی مدد کرتا ہے جو اس کی مدد کرتے ہیں … والسلام! “ مقام مسرت ہے کہ اگلے دن کے اجلاس میں برطانیہ کے لارڈ نذیر احمد اور مسلم کونسل، برطانیہ کے سیکرٹری جنرل یوسف بھائی لوک نے بھی ا پنے اپنے خطاب میں اس موضوع کی طرف توجہ دلائی۔ آزاد کشمیر کے مولانا عبد الرشید ترابی نے مسئلہ کشمیر کے بارے میں حاضرین کو حقائق سے آگاہ کیا۔ کانفرنس کے موضوعات کانفرنس کے مرکزی مضمون سے صرف دو اجلاس متعلق رہے؛ ایک ’ عالمگیریت کے چیلنج‘ اور دوسرا ’میڈیا اور عالمی نظام ‘ …باقی اجلاسوں میں مختلف دوسرے موضوعات کوموضوعِ سخن بنایا گیا جیسے : عصر حاضر میں مسلم خاندان اتحادِ عالم اسلامی بیت المقدس اور مسلمانوں کے فرائض یورپ میں مسلمانوں کے احوال